news
English

بابراعظم کے لیے اپنے کرکٹ کے سفرکے کون سے لمحات یادگارہیں؟

انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو اور قومی ٹیم کی کپتانی ملنے کے دن یادگار ہیں، زمبابوے کے خلاف شکست نے بہت دل دکھایا، اسٹیو اسمتھ کی کور ڈرائیو شاندار ہے، سابق کپتان کی ٹوئٹر اسپیس میں مداحوں سے طویل بات چیت

بابراعظم کے لیے اپنے کرکٹ کے سفرکے کون سے لمحات یادگارہیں؟

قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم نے ٹوئٹر اسپیس میں مداحوں سے طویل بات چیت کرتے ہوئے اپنے کرکٹ کے سفر کے دوران پیش آنے والی مشکلات اور دلچسپ لمحات پر کھل کر بات چیت کی۔ سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2022ء میں زمبابوے کے خلاف شکست نے مجھے توڑ کر رکھ دیا تھا، وہ لمحہ بہت جذباتی تھا۔ 
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ میں آنے والے ہر ورلڈ کپ میں کھیلنا چاہتا ہوں چاہے وہ ٹی 20 ہو ئیا ون ڈے ورلڈ کپ ہو اور پاکستان کی کامیابی میں مدد کرنا چاہتا ہوں۔  
بابراعظم نے اپنے کرکٹ کیریئر کے اب تک کے سب سے جذباتی لمحے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ 2022ء کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں زمبابوے کے ہاتھوں پاکستان کی شکست نے انہیں توڑ کر رکھ دیاتھا۔اس کے علاوہ بھی اس سفر میں بہت سے جذباتی لمحات آئے ہیں،
جب میں نے اپنا ڈیبیو کیا تو وہ لمحہ بھی یادگار تھا اور قومی ٹیم کا کپتان بننا بھی ایک جذباتی لمحہ تھا۔ بابر اعظم نے کہا کہ لیکن، ورلڈ کپ میں زمبابوے کے خلاف ہار دل دہلا دینے والی تھی،جذباتی بھی ہوا، اس کا اثر آج بھی دل سے جاتا نہیں، جب کھلاڑیوں کی پرفارمنس کی وجہ سے ان کی فیملیز کو ہٹ کیا جاتا ہے تو مشکل ہوتی ہے۔۔"
انہوں نے ریڈ بال اور وائٹ بال کرکٹ میں اپنی پسندیدہ ترین اننگز کا بھی انکشاف کیا۔ "2019ء میں آسٹریلیا کے خلاف برسبین میں میری سنچری اور 2022ء میں آسٹریلیا کے خلاف کراچی میں دوسرے ٹیسٹ میں 196 رنز کی اننگز ٹیسٹ کرکٹ میں میری پسندیدہ بیٹنگزہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ "برمنگھم میں انگلینڈ کے خلاف 158 جبکہ جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سنچریاں وائٹ بال کرکٹ میں میری پسندیدہ ہیں۔"
بابراعظم نے اپنے مستقبل کے اہداف کا بھی ذکر کیا جن میں سے ایک ورلڈ کپ جیتنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج جس مقام پر ہوں اس میں سرفراز احمد کا بڑا ہاتھ ہے، زندگی میں کئی نشیب و فراز آئے، ہمیشہ مثبت سوچ رکھتا ہوں، کبھی کبھی منفی چیزوں کو نظرانداز کردیتا ہوں، پی ایس ایل پسندیدہ لیگ ہے۔ سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ان کی زندگی میں ایسے حالات بھی آئے جب وہ صبح 6 بجے والد کی گھڑیوں کی دکان پر کام کرنے جاتے تھے، جب پاکستان ٹیم میں پہلی بار نام آیا تو وہ زندگی کے جذبانی لمحات میں سے ایک تھا۔ 
قومی ٹیم کے اسٹار بیٹر نے کہا کہ آج میں جس مقام پر ہوں اس میں سرفراز احمد کا بڑا ہاتھ ہے، انہیں میرے بلے ہمیشہ پسند آتے ہیں۔
 انہوں نے کہا کہ فخرزمان کے ساتھ کھیلتے ہوئے پریشر نہیں ہوتا بلکہ دوسری ٹیم پریشر میں رہتی ہے۔
سابق کپتان نے مداحوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے مزید کہا کہ بطور پروفیشنل کوئی پرفیکٹ نہیں ہوتا، اسٹیو اسمتھ کی کور ڈرائیو سب سے بہترین ہے اور اے بی ڈی ویلیئرز ڈریم بیٹنگ پارٹنر ہیں۔ بابراعظم نے شادی سے متعلق سوال پر محمد رضوان کو جواب دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو اکیلے میں جواب دوں گا۔ ان کا کہنا ہے کہ ہمیشہ مثبت سوچ رکھتا ہوں، کبھی کبھی منفی چیزوں کو نظرانداز کرتا ہوں، جو غلطیاں ہوتی ہیں ان کے بارے میں اپنے قریبی دوستوں اور مینٹورز سے بات کرتا ہوں، میرا سب سے بڑا گول ورلڈ کپ جیتنا ہے۔ 
واضح رہے کہ بابر اعظم اس وقت بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں رنگپوررائیڈرز کے ساتھ مصروف ہیں۔انہوں نے چار اننگز میں157 رنز بنائے جس کی اوسط 52.33 ہے اور وہ 112.94 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ بیٹنگ کر رہے ہیں۔