news
English

بابراعظم نے حارث، عامر جمال اور زمان خان کو نظراندازکرنے کی وجہ بتادی

محمد حارث نے پاکستان کے لیے 9 ٹی 20 میچز کھیلے ہیں اور 127.27 کے اسٹرائیک ریٹ سے 126 رنز بنائے ہیں۔ کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ میں ان کا اوسط 14 اور سب سے زیادہ اسکور31 ہے۔

بابراعظم نے حارث، عامر جمال اور زمان خان کو نظراندازکرنے کی وجہ بتادی

بابر اعظم نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024 سے قبل محمد حارث،عامر جمال اور زمان خان  کو نظر انداز کرنے کی وجہ بتا دی۔ پاکستانی ٹیم کے وائٹ بال کپتان کا کہنا ہے کہ حارث کا نمبر ٹاپ آرڈر میں ہے جہاں پہلے ہی میں، رضوان، صائم اور فخر زمان شامل ہیں جس کی وجہ سے اس کے لیے محدود مواقع تھے۔ 
تفصیلات کے مطابق ٹیم پاکستان کے کپتان بابراعظم نے پیر کےروز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024ء سے قبل وکٹ کیپر بلے باز محمد حارث کو پلیئنگ اسکواڈ سے باہر کرنے پر روشنی ڈالی۔ محمد حارث کو آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا تھا اور وہ یکم جون سے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں شروع ہونے والے ورلڈ کپ 2024 میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔ 
ٹیم کی کل آئرلینڈ روانگی سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ حارث کو پلیئنگ اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا کیونکہ ٹاپ آرڈر میں پہلے ہی بہت سے آپشنز موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ “میں اتفاق کرتا ہوں کہ حارث کو ٹی 20 ورلڈ کپ 2022ء کے بعد زیادہ مواقع نہیں ملے۔ اس کا نمبر ٹاپ آرڈر میں ہے جس میں پہلے ہی میں، رضوان، صائم اور فخر شامل ہیں جس کی وجہ سے اس کے لیے محدود مواقع تھے۔ تاہم حارث کو پی ایس ایل 9 کے دوران موقع ملا لیکن بدقسمتی سے وہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ برا کھلاڑی ہے کیونکہ ہر کھلاڑی کسی نہ کسی مشکل سے گزرتا ہے۔‘‘
ان کا کہنا تھا کہ "ہم نے اس بارے میں بحث کی تھی کہ اگر حارث کو منتخب کیا جاتا ہے تو وہ کہاں کھیلیں گے۔ اگر انہیں شامل کیا جاتا تو ان کی پوزیشن لوئر مڈل آرڈر میں ہوتی جبکہ ہم بیٹنگ آرڈر میں اس کی پوزیشن کے بارے میں سوچے بغیر موازنہ کرنے میں جلدی کرتے ہیں۔ ہم بہترین ممکنہ اسکواڈ کا انتخاب کرنا چاہتے تھے جو ہر پوزیشن پر ٹیم کی ضروریات کے مطابق ہو۔"
یاد رہے کہ نوجوان بلے باز محمد حارث نے پاکستان کے لیے 9 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے ہیں اور 127.27 کے اسٹرائیک ریٹ سے 126 رنز بنائے ہیں۔ کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ میں ان کا اوسط 14 اور سب سے زیادہ سکور31 ہے۔ 
پاکستانی ٹیم آئرلینڈ میں 3 اور انگلینڈ میں 4 ٹی ٹونٹی میچ کھیلے گی۔ انگلینڈ کے ساتھ ٹی 20 سیریز کے بعد پاکستانی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں شرکت کے لیے امریکا روانہ ہوجائے گی۔ 22 مئی کو انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی 20  کے بعد ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024ء کے لیے آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے جن 18 کھلاڑیوں کے اسکواڈ کا اعلان کیا گیا تھا اسے کم کر کے 15 کردیا جائے گا۔