پاکستان کے مایہ ناز کرکٹرز کی ہارورڈ اسکول میں کلاسز کا آغاز 31 مئی سے ہوگا
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے ہارورڈ بزنس اسکول میں داخلہ لے لیا۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر سابق کپتان راشد لطیف نے بتایا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان ہارورڈ بزنس اسکول کے پروگرام کا حصہ بن گئے ہیں، وہ یہ اعزاز پانے والے پہلے پاکستانی کرکٹرز ہوں گے۔
پروگرام میں شرکت کے لئے دونوں کرکٹرز 31 مئی سے 3 جون تک امریکی ریاست بوسٹن میں ہارورڈ بزنس اسکول کیمپس کی کلاسز میں شرکت کریں گے۔
کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ پروفیسر ایلبرس اور پروفیسررحمانی کے ساتھ اس پروگرام کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی ہے، مجھے یقین ہے کہ دنیا کے کونے کونے سے آنے والے طلباء اور کاروباری شخصیات سے بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔
اس موقع پر وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی اسٹیج پر پاکستان کی نمائندگی کرنا ایک بہت بڑا اعزاز ہے، ہم ہارورڈ کے بی ای ایم ایس پروگرام میں دنیا کے بہترین افراد سے سیکھنے جارہے ہیں، مجھے یقین ہے کہ یہ ایک دلچسپ سفر ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس پروگرام سے حاصل ہونے والی تعلیم اور اپنے تجربات کو نئی نسل میں منتقل کرنے کی کوشش کریں گے۔