پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو ایونٹ کا فائنل آج شیڈول ہے جہاں ارشد ندیم پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے پاکستان کے صف اول کے ایتھلیٹ جیولین تھروور ارشد ندیم سے امیدیں جوڑ لیں۔ فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر قومی کھلاڑی نے ارشد ندیم کے نام پیغام جاری کیا ہے اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکیا ہے اورجیولن تھرو کے فائنل راؤنڈ میں پہنچنے پر کھلاڑی کو مبارک باد بھی پیش کی ہے۔
انہوں نے پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کے فائنل راؤنڈ میں پہنچنے والے ارشد ندیم کو ٹیگ کرتے ہوئے انسٹاگرام اسٹوری شیئر کی ہے۔
انسٹااسٹوری میں بابراعظم نے پاکستانی ایتھلیٹ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ فائنل مقابلہ جیت لیں گے اور پاکستان کا سر فخر سے بلند کرکے سونے کا تمغہ گھر لائیں گے۔
پیرس میں جاری کھیلوں کے سب سے بڑے ایونٹ میں آج ارشد ندیم جیولن تھرو کا فائنل راؤنڈ کھیلیں گے۔ اس سے قبل منگل کےروز ہونے والے جیولن تھرو کوالی فکیشن راؤنڈ میں گروپ بی میں شامل ارشد ندیم کو فائنل میں براہ راست جگہ بنانے کیلئے کم از کم 84 میٹر کی تھرو کرنا تھی تاہم انہوں نے پہلی بار میں ہی 86.59 میٹر کی تھرو کر کے کوالیفائی کرلیا تھا۔
آج ہونے والے فائنل میں ان کا مقابلہ بھارت کے سابق گولڈ میڈلسٹ نیرج چوپڑا اور دو دیگر غیر ملکی کھلاڑیوں سے ہوگا۔