news
English

بنگلہ دیش پریمیئرلیگ: رنزبنانےمیں بابر اعظم سرفہرست، رضوان کابیٹ خاموش رہا

قومی ٹیم کے کھلاڑی این او سی کی مدت پوری ہونے پر وطن واپس لوٹنے لگے۔

بنگلہ دیش پریمیئرلیگ: رنزبنانےمیں بابر اعظم سرفہرست، رضوان کابیٹ خاموش رہا

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں رنز بنانے والے بلے بازوں میں بابر اعظم سرفہرست ہیں جب کہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان  کا بیٹ خاموش رہا۔ 
تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں شریک بابراعظم، محمد رضوان، شعیب ملک، محمد وسیم اور محمد نواز این او سی کی مدت پوری  ہونے کے  بعد وطن واپس لوٹ رہے ہیں، جہاں پر اب ایچ بی ایل، پی ایس ایل 9 میں اپنی اپنی ٹیموں کو جوائن کریں گے۔ 
پاکستان سپرلیگ 17 فروری سے شروع ہوگی، بی پی ایل کے باقی میچز کے لیے رنگپور رائیڈرز خاص طور پر بابراعظم کی کمی شدت سے محسوس کریں  گے،انھوں نے لیگ چھوڑنے سے پہلے تک سب سے زیادہ 252 رنز 52.20 کی اوسط سے بنائے، اس دوران ان کا اسٹرائیک ریٹ 114.61 رہا۔ 
دوسری جانب کومیلا وکٹورینز کی نمائندگی کرنے والے محمد رضوان پورے ایونٹ میں بڑا اسکور بنانے کی کوشش ہی کرتے رہے، انھوں نے 5 میچز میں 21.25 کی اوسط سے صرف 85 رنز بنائے، ان کا اسٹرائیک ریٹ بھی محض 82.52 رہا۔ احمد شہزاد نے 4 اننگز میں 121 رنز اسکور کیے۔
شعیب ملک نے 4 میچز میں 84 رنز بنائے، ان کا ایونٹ میں سفر تھوڑا سا  متنازع رہا، فورچون بریشال کے ساتھ معاملات حل ہونے پر انہوں نے دوبارہ  ٹیم کو جوائن کیا اور بعد ازاں کھلنا ٹائیگرز کے خلاف اپنی ٹیم کو فتح بھی دلائی۔ 
بولرز میں فہیم اشرف نے 8 وکٹیں 12.75 کی اوسط سے لیں، عامر جمال نے 3 میچز میں 6 پلیئرز کو پویلین بھیجا،انھوں نے ان میں سے 5 کھلاڑیوں کو اپنے گذشتہ میچ میں آؤٹ کیا اور مین آف دی میچ قرار پائے۔