بابر اعظم کی ففٹی نے رنگپور رائیڈرز کو سلہٹ اسٹرائیکرز کے خلاف 4وکٹوں سے کامیابی دلائی۔
پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم نے بنگلہ دیش جاتے ہی اپنی بلے بازی کی دھاک بٹھادی۔
بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں بابر اعظم کی ففٹی نے رنگپور رائیڈرز کو سلہٹ اسٹرائیکرز کے خلاف میچ میں 4 وکٹوں سے کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
سلہٹ اسٹرائیکرز نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 120 رنز بنائے، رائیڈرز کی 6 وکٹیں 39 رنز پر گرچکی تھیں لیکن پھر بابراور عمرزئی نے 89 کی ناقابل شکست شراکت بناکر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرادیا۔
بابر اعظم اور عظمت اللہ عمرزئی نے کھیل کا رنگ بدل دینے والی زبردست شراکت قائم کی، جس نے رنگپور رائیڈرز کو فتح سے ہمکنار کیا جب ان کی ٹیم 39 کے اسکور پر چھ وکٹیں گنوا چکی تھی۔
بابر اعظم کے میدان میں آتے ہی اسٹیڈیم کا ماحول گرم ہوگیا اور شائقین کرکٹ کی جانب سے ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اسٹینڈز میں موجود ہجوم نے 'بابر بابر' کے نعرے لگائے اور پورا اسٹیڈیم گونج اٹھا، اس جوش و خروش نے کرکٹ کے میدان میں سنسنی پید اکرنے کے لیے ان کی تعریف کو واضح کیا۔
بابر اعظم نے 49 گیندوں پر 56 رنز بنائے جبکہ عمرزئی نے 47 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔ دوسرے میچ میں کومیلا وکٹورینز نے فورچیون بریشال کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا۔
محمد رضوان نے 17 اور خوشدل شاہ نے 14 رنز بنائے، ناکام ٹیم کے بلے باز شعیب ملک 7 رنز تک محدود رہے جبکہ فاسٹ بولر عباس آفریدی نے واحد وکٹ حصول کے لیے 40 رنز دیے اور اپنی ٹیم کو خاصے مہنگے پڑے۔