news
English

آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا فاتحانہ آغاز کرنا چاہتے ہیں، بابراعظم

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئین شپ کا فاتحانہ آغازکرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا فاتحانہ آغاز کرنا چاہتے ہیں، بابراعظم

ورچوئل پریس کانفرنس میں کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ مسلسل وائٹ بال کھیلتے ہوئے آرہے ہیں۔ ٹیسٹ موڈ میں آنا بھی ایک چیلنج ہوگا۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد تیاری کا زیادہ وقت نہیں ملا۔ بابر اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان سے آنے والے ڈومیسٹک کھیل کر آرہے ہیں، دیگر بھی جتنی جلد مطابقت پیدا کر لیں بہتر ہوگا۔

بابراعظم کا کہنا تھا کہ بنگلا دیش کی ہوم کنڈیشنز ہیں میزبان کھلاڑی سینئر ہوں یا جونیئر ان سے اچھی طرح واقف ہیں۔ ہمیں کنڈیشنز کو سمجھنا اور پرفارم کرنا ہے۔ بنگلا دیشی ٹیم سخت جان حریف ثابت ہوگی۔

بابراعظم نے مزید کہا کہ ہمیں ٹیسٹ کرکٹ کے مزاج کو پیش نظر رکھتے ہوئے تحمل سے کھیلنا ہوگا۔ پچ کا جائزہ لیا ہے، اس پر ہلکی گھاس نظر آرہی تھی۔ اگر اسی حالت میں رکھی گئی تو ابتدا میں پیسرز بعد ازاں اسپنرز کو مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا بنگلا دیش میں فتوحات کے ساتھ آغاز کرنے کے بعد تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔