شدید ترین ذہنی دبائو کے بعد بابراعظم نے ٹی 20، ون ڈے اور ٹیسٹ سمیت تمام فارمیٹس میں قومی ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ میں بدترین ناکامی کے بعد ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے باعث بابراعظم نے کرکٹ کے تینوں فارمیٹس کی کپتانی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
بابراعظم نے اپنے استعفے کا اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک بیان کے ذریعے کیا اور کہا کہ ’یہ میرے لیے مشکل فیصلہ تھا لیکن اس فیصلے میں بہتری ہے، بطور کھلاڑی پاکستان کی نمائندگی کا سلسلہ جاری رکھوں گا۔
انہوں نے لکھا کہ نئے کپتان کی ہر طرح سے سپورٹ کرتا رہوں گا۔ میری کپتانی میں پاکستان نے ون ڈے کرکٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
بابر اعظم نے گرین شرٹس کی کپتانی کا موقع دینے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے ابھی بھی وہ لمحہ نہیں بھولتا جب 2019 میں مجھے کپتانی سونپی گئی تھی، میں نے اپنی کپتانی کے دوران کافی اونچ نیچ دیکھی ہے‘۔
اس سے قبل بابر اعظم کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ذکا اشرف سے ملاقات ہوئی جس میں بابر اعظم کو دورۂ آسٹریلیا کیلیے کپتان برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔