news
English

لنکا لیگ: بابراعظم کا جوئے کی تشہیر سے صاف انکار

بابر اعظم سیروگیٹ ایڈورٹائزنگ کمپنی کا لوگو شرٹ پر نہیں لگائیں گے، فرنچائز بھی آمادہ۔

لنکا لیگ: بابراعظم کا جوئے کی تشہیر سے صاف انکار

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے لنکا پریمیئر لیگ میں جوئے اور سٹے کی تشہیر سے صاف انکار کردیا۔

لنکا پریمیئر لیگ کا چوتھا ایڈیشن 30 جولائی سے 22 اگست تک منعقد ہوگا، کولمبو اسٹرائیکرز نے بابر اعظم کو اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے، پاکستانی ٹیم کے کپتان فرنچائز کی بھی قیادت کریں گے۔

لنکا لیگ میں جوئے کی کئی کمپنیز نام میں معمولی تبدیلی کر کے تشہیر کرتی ہیں، کولمبو کا بھی ایسی ہی ایک کمپنی سے معاہدہ ہے، البتہ بابر اعظم نے اس کا لوگو شرٹ پر لگانے سے واضح الفاظ میں انکار کر دیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اسٹار بیٹر نے اس بات کو اپنے معاہدے کا بھی حصہ بنایا ہے، فرنچائز نے بھی ان کی خواہش کا احترام کرنے کا فیصلہ کرلیا، پاکستان ٹیم کو رواں ماہ سری لنکا میں 2 ٹیسٹ کی سیریز کھیلنی ہے، اس کے بعد افغانستان سے آئندہ ماہ تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز ہوں گے، بابر اس وجہ سے لنکا پریمیئر لیگ کیلیے مکمل طور پر دستیاب نہیں ہوں گے، وہ قومی ذمہ داریوں سے فراغت پر ہی سری لنکا جائیں گے۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل 8 کے دوران محمد رضوان نے ملتان سلطانز کی شرٹ پر سیروگیٹ ایڈورٹائزنگ کمپنی کا لوگو لگانے سے انکار کر دیا تھا۔ انھوں نے اسٹیکر سے لوگو چھپا کرمیچ میں حصہ لیا، کئی دیگر کھلاڑیوں نے بھی ناخوشی ظاہر کی لیکن انھیں فرنچائزز نے منا لیا تھا۔

بابر اور رضوان حال ہی میں فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد وطن واپس آئے ہیں اور دونوں کرکٹرز اب کراچی میں شیڈول قومی تربیتی کیمپ میں شریک ہوں گے۔