news
English

بابراعظم کا رضوان کی صحتیابی، بیٹنگ آرڈرمیں تبدیلی، فٹنس مسائل پراظہارِخیال

بابراعظم نے ٹیم کے اتحاد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم ہمیشہ ایک مربوط یونٹ کے طور پر کھیلتے ہیں اور نقصانات کے بعد بہتری کے لیے کام کرتے ہیں۔

بابراعظم کا رضوان کی صحتیابی، بیٹنگ آرڈرمیں تبدیلی، فٹنس مسائل پراظہارِخیال

پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بدھ کے روز نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیم کی جاری ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بارے میں اظہارِخیال کرتے ہوئے کہا کہ سیریز کا بنیادی ہدف تجربہ کرنا اور جون میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ایک ٹھوس ٹیم تشکیل دینا ہے، جس کی میزبانی امریکا اور ویسٹ انڈیزمشترکہ طورپرکریں گے۔ 

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےبابراعظم نے کہا کہ "اس سیریز کے پیچھے بنیادی مقصد ایک اچھا امتزاج بنانے کے لیے تجربات کرنا ہے اور ٹاپ چار سلاٹس پر ہم کوشش کریں گے کہ ورلڈ کپ میں جانے والے کھلاڑیوں کو کافی مواقع فراہم کیے جائیں۔" 
بابراعظم نے اپنی بات چیت میں اس بات پر زور دیا کہ ٹیم کے حوالے سے تمام فیصلے کھلاڑیوں کی مشاورت سے کیے جاتے ہیں اور ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے کھلاڑیوں کا آپس میں واضح رابطہ ضروری ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ “اور اگر ہم کسی کھلاڑی کو کسی دوسرے مقام پر تبدیل کرتے ہیں تو ہم اس کے ساتھ بات چیت کرکے ایسا کریں گے۔ سب کچھ مناسب سمجھ بوجھ اور رابطے کے ذریعے ہو رہا ہے۔،، 
انہوں نے مزید کہا کہ ہر کھلاڑی کو اعتماد میں لیا جا رہا ہے، ہمارا مقصد ملک کے لیے ٹیم کی کارکردگی کا گراف بلند کرنا ہے۔ 
بابراعظم نے یہ بھی کہا کہ تنقید سے ان کے منصوبوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ 
بابراعظم کا کہناتھا کہ "ہم ان چیزوں کو ترجیح دیتے ہیں جس سے ٹیم اور ملک کو فائدہ ہو، یہ میرا مقصد اور موقف ہے اور میں اس پر کامل یقین رکھتا ہوں۔"  
اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو فائٹر قرار دے دیا۔ وائٹ بال ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ محمد رضوان کو فٹنس بحالی کے لیے دو میچز میں آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے، وہ فائٹر ہیں اور آئرلینڈ کے خلاف سیریز تک فٹ ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انجری کھیل کا حصہ ہے کبھی بھی کسی کو بھی ہوسکتی ہے، کبھی ایسا نہیں کیا کہ فٹنس پر دھیان نہ دیا ہو۔،، 
بابر اعظم نے کہا کہ کسی کی باتوں میں آکر اپنی حکمت عملی تبدیل نہیں کرتا، کوشش کرتے ہیں ٹیم کے لیے جو بہتر ہو وہ ہی کریں۔،، 
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ سیریز جیتنے کے لیے پرعزم ہیں، تمام کھلاڑیوں کواعتماد دینے کی کوشش کررہے ہیں، ٹی 20 ورلڈ کپ قریب ہے کوشش یہی ہے کہ ہر کھلاڑی تیار ہو۔،، 
انہوں نے کہا کہ سیریز کا مقصد یہی ہے کہ زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو موقع ملے، کھلاڑیوں پر پورا یقین ہے کہ وہ اچھا کھیلیں گے۔،، 
ایک سوال کے جواب میں بابر اعظم نے کہا کہ تیسرے ٹی 20 میں بیٹنگ، بولنگ کے ساتھ فیلڈنگ بھی اچھی نہیں ہوئی، اگر کیچ پکڑلیتے تو نتیجہ مختلف ہوتا۔،، 
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آج شام کو لاہور میں چوتھے ٹی 20 میں مدمقابل ہوں گی، پانچ میچز کی سیریزاس وقت 1-1 سے برابر ہے۔