news
English

بابراعظم ٹیسٹ کرکٹ پرفارمنس میں ویرات کوہلی سے آگے نکل گئے

ویرات کوہلی ضرورت کے وقت بھارتی ٹیم کی کمزور ترین کڑی ثابت ہوئے، بیٹنگ پوزیشن پر ٹیم کی سب سے کم ایوریج۔

بابراعظم ٹیسٹ کرکٹ پرفارمنس میں ویرات کوہلی سے آگے نکل گئے

قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم اپنی شاندار پرفارمنس کے باعث ٹیسٹ کرکٹ میں بھارتی بلے باز ویرات کوہلی سے کوسوں آگے نکل گئے۔ 

آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا دوسرا دورانیہ آسٹریلیا کے چیمپئن بننے پر ختم ہوا، اس بار بھی بھارتی ٹیم ہی رنر اپ رہی، یہ مسلسل دوسرا موقع ہے جب وہ چیمپئن شپ کا فائنل تو کھیل رہی تھی مگر ٹرافی حریف سائیڈ اٹھاکر لے گئی۔

بھارت کی دوسرے دورانیے میں بھی کارکردگی کافی اچھی رہی، بیٹرز رنز بناتے رہے مگر چوتھی پوزیشن بھارتی ٹیم کی بیٹنگ لائن کی کمزور ترین کڑی ثابت ہوئی , یہی بیٹنگ آرڈر میں سب سے اہم پوزیشن ہے جہاں پر دنیا کے نام گرامی بیٹرز کھیلا کرتے ہیں۔

بھارت کی جانب سے کوہلی، آسٹریلوی اسٹیون اسمتھ، نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن، انگلش اسٹار جوروٹ اور پاکستانی کپتان بابراعظم اس پوزیشن پر بیٹنگ کرتے ہیں۔

 2021-23کے ٹیسٹ چیمپئن شپ دورانیے میں سوائے چوتھی پوزیشن کے باقی تمام پر بھارتی بیٹرز کی پرفارمنس اپنی پوزیشن کے حریف بیٹرز سے بہتر رہی، بھارتی بیٹنگ میں چوتھی پوزیشن پر رنز کی اوسط 34.65رہی،ان کے حریفوں کی اس پوزیشن پر ایوریج 45.58 ہے۔ کوہلی نے اس دورانیے میں 17 ٹیسٹ کھیل کر 932 رنز بنائے۔

بابراعظم نے اس ٹیسٹ چیمپئن شپ دورانیے کی 20 اننگز کے دوران 69.10 کی اوسط سے رنز اسکور کیے، اسٹیون اسمتھ کی اوسط 55.40 رہی، جو روٹ 54.20 اور انجیلو میتھیوز 48.40 کی ایوریج سے رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

یاد رہے کہ فائنل میں شکست کے بعد بھارتی سابق اسٹارز اور شائقین کرکٹ پوری ٹیم کو اور خصوصاً کوہلی کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔