news
English

بابراعظم، لنکا پریمیئر لیگ میں کولمبو اسٹرائیکرز کی نمائندگی کریں گے

لنکا پریمیئر لیگ کے لیے کھلاڑیوں کی بولیاں 11 جون کو لگائی جائیں گی، سری لنکن میڈیا

بابراعظم، لنکا پریمیئر لیگ میں کولمبو اسٹرائیکرز کی نمائندگی کریں گے

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا لنکا پریمیئر لیگ کے ساتھ معاہدہ طے پاگیا۔ سری لنکن میڈیا کے مطابق بابر اعظم ایل پی ایل میں منتخب ہونے والے ان کرکٹرز کی فہرست میں شامل ہیں جن کے ساتھ انتظامیہ نے براہ راست معاہدے کیے ہیں۔

کپتان بابر اعظم کے ساتھ معاہدہ کولمبو اسٹرائیکرز نے کیا ہے، اس کے علاوہ متھیشا پاتھیرانا اور چمیکا کرونا رتنے سے بھی کولمبو اسٹرائیکرز نے معاہدہ کیا ہے۔

دوسری جانب ڈیوڈ ملر، میتھیو ویڈ، شکیب الحسن، تبریز شمسی کا بھی ایل پی ایل میں براہ راست معاہدہ ہوا ہے، براہ راست معاہدہ کرنے والوں میں سری لنکا کے چند کرکٹرز بھی شامل ہیں۔

سری لنکن میڈیا کے مطابق لنکا پریمیئر لیگ کے لیے کھلاڑیوں کی نیلامی 11 جون کو ہوگی جبکہ لنکا پریمیئر لیگ کے زبردست مقابلے 31جولائی سے 22 اگست تک شیڈولڈ ہیں۔ جس میں پانچ ٹیمیں حصہ لیں گی۔

ٹورنامنٹ کی میزبانی سری لنکا کے تین اسٹیڈیم کریں گے جس میں ہمبنٹوٹا، کولمبو اور کینڈی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ لنکن پریمئیر لیگ میں شامل نئی ٹیم کولمبو اسٹرائیکرز کو حال ہی میں بھارتی بزنس مین ساگر کھنہ نے خریدا تھا۔