news
English

دی100ڈرافٹ: ایک مرتبہ پھر بابراوررضوان کو کسی فرنچائزنے پک نہیں کیا  

اسلام آباد یونائیٹڈ کو ٹائٹل جتوانے والے شاداب خان سمیت حسن علی اور افتخار احمد بھی 100 لیگ میں منتخب نہ ہوسکے۔

دی100ڈرافٹ: ایک مرتبہ پھر بابراوررضوان کو کسی فرنچائزنے پک نہیں کیا  

قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو ایک مرتبہ پھر دی ہنڈریڈ لیگ میں کسی فرنچائز نے اپنی ٹیم کا حصہ نہیں بنایا۔ 
برطانوی لیگ دی ہنڈریڈ کے ڈرافٹ میں 8 ٹیموں کی فرنچائزرز نے 32 کھلاڑیوں کو منتخب کیا، جس میں ملکی اور غیرملکی کرکٹرز شامل تھے۔ 
گزشتہ روز آخری لمحات میں ڈرافٹ میں اپنے ناموں کا اندارج کروانے والے بابراعظم اور محمد رضوان کو ایک مرتبہ پھر کوئی خریدارنہیں مل سکا جبکہ فاسٹ بولرشاہین آفریدی کو ویلش فائر نے ایک لاکھ یورو (یعنی 3 کروڑ 1 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد رقم) میں اپنے اسکواڈ کا حصہ بنایا۔ 
سال 2023 میں بھی حارث رؤف اور شاہین آفریدی نے اسی فرنچائز کی نمائندگی کی تھی، رواں برس ویلش فائر کی ٹیم نے حارث کو ریٹین کیا تھا جبکہ شاہین کو ڈرافٹ سے منتخب کیاگیا، اسی طرح اسامہ میر مانچسٹر اوریجنل کی نمائندگی کریں گے۔ 
پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کرنے والے آل رائونڈر عماد وسیم کو ایک لاکھ پاؤنڈز(یعنی 3 کروڑ 53 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) میں ٹرینٹ راکٹس نے اپنی ٹیم کا حصہ بنایا جبکہ نسیم شاہ کو برمنگھم فینکس نے ایک لاکھ 25 ہزاریورو(یعنی 3 کروڑ 77 لاکھ پاکستان روپے سے زائد) میں خریدا۔  
دیگرنام ورکرکٹرزمیں پی ایس ایل کا ٹائٹل جتوانے والی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کپتان شاداب خان، افتخار احمد، حسن علی اور سابق فاسٹ بولر محمد عامر کو کسی بھی فرنچائز نے منتخب نہیں کیا۔ 
اسی طرح بین الاقوامی کرکٹ کے بڑے ناموں میں جیسن رائے، ڈیوڈ وارنر، ٹم ڈیوڈ اور شکیب الحسن کو بھی کسی فرنچائز نے اپنے اسکواڈ میں جگہ نہیں دی۔  
قبل ازیں برطانوی ٹی20 لیگ دی ہنڈریڈ کے چوتھے ایڈیشن کے لئے پلئیرز ڈرافٹ میں 68 پاکستانی کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کروائی تھی۔ 

واضح رہے کہ دی ہنڈریڈ کا چوتھا ایڈیشن جولائی میں شروع ہوگا، چوتھے ایڈیشن میں مینزاورویمنز کی 8-8 ٹیمیں حصہ لیں گی، ایونٹ کا پہلا میچ 23 جولائی کو لارڈز کے کرکٹ گراؤنڈ میں برمنگھم فینیکس اور اوول انوینسیبلز کے درمیان کھیلا جائے گا۔