بابراعظم بہترین بلے بازوں میں سے ایک ہیں لیکن وہ بہت زیادہ ڈاٹ بالز کھیل کر رضوان پر دباؤ ڈالتے ہیں، محمد آصف
پاکستانی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد آصف کی جانب سے بابراعظم پر تنقید کے نشتر چلائے جانے کے بعد قومی ٹیم کے کپتان کے والد کا ردعمل بھی سامنے آگیا۔
سابق فاسٹ بولر محمد آصف نے جمعہ کی رات ’ایکس‘ (ٹوئٹر) اسپیس سیشن میں بہت سے ایسے بیانات دیے جو شائقین کرکٹ کے لیے کسی سرپرائز سے کم نہیں تھے۔ محمد آصف نے ورلڈ کپ 2023 کے لیے گرین شرٹس کے اسکواڈ پر بھی نکتہ چینی کی اور کہا کہ ہمارے اسکواڈ میں تمام اوسط فاسٹ بولرز ہیں، ان میں کوئی بھی خاص نہیں ہے۔
محمد آصف نے دعویٰ کیا کہ ’’میں نے بابر اعظم کو زیڈ ٹی بی ایل کے ٹرائلز میں منتخب کرایا تھا، آپ ان کے والد سے پوچھ سکتے ہیں۔ بابراعظم بہترین بلے بازوں میں سے ایک ہیں لیکن وہ بہت زیادہ ڈاٹ بالز کھیل کر رضوان پر دباؤ ڈالتے ہیں‘‘۔
محمد آصف نے یہ بھی کہا کہ “میں آج بھی ٹی 20 کرکٹ میں بابر اعظم کو میڈن اوور کراسکتا ہوں، اگر آپ بابراعظم کو اچھی گیندیں کرائیں تو وہ شاٹ نہیں لگا سکتے‘‘۔
دوسری جانب بابراعظم کے والد نے محمد آصف کے بیان کے بعد انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ بابر کو 16 ہزار 800 روپے جو پہلی تنخواہ ملی تھی اس نے بابر کو آگے بڑھنے میں مدد کی۔ اول تو یہ وقت کبھی نہیں آئے گا اگر آ بھی گیا تو بابر احترام کی وجہ سے ہر صورت آپ (محمد آصف) کا اوور میڈن کھیل جائے گا کیونکہ آپ کی بروقت گواہی ہمارے بڑے کام آئی تھی‘۔
اعظم صدیقی کے مطابق ’بابر جب انڈر 16 کا ورلڈ کپ کھیل کر آیا، ڈی پی ایس ماڈل ٹاؤن گراؤنڈ کے ساتھ ایک کلب اسکول آف کرکٹ ہوا کرتا تھا اُس کلب کے ساتھ بابر کے کلب کا میچ ہوا، دوسری طرف سے اُس وقت محمد آصف کم بیک کی تیاریاں کر رہےتھے، وہ یہ میچ کھیلے، بابر اوپن کرتا تھا محمد آصف نے اٹیک کیا بابر نے اُس میچ میں 84 رنز اسکور کیے اور آصف نے ہی اُسے آؤٹ کیا، خیر اننگز ختم ہوئی تو بابر بڑا دل برداشتہ ہو کر باہر آیا اورمیرے استفسار پر بتایا کہ آصف بھائی نے بہت بُرا بھلا کہا ہے، میں نے اُس کو تسلی دی اور کہا تم نے بھی تو اُن کو 11 چوکے مارے ہیں خیر بات یہاں ختم ہوگئی‘۔
اعظم صدیقی نے مزید بتایا کہ ’محترم منصور رانا نے بابر کو زیڈ ٹی بی ایل کی طرف سے کھیلنے میں مدد کی، نیشنل اکیڈمی میں بابر کا ٹرائل ہورہا تھا محمد آصف آئے تو ٹرائل شروع بھی نہیں ہوا تھا، اس وقت بابر نے پیڈ کیے ہوئے تھے آصف نے اسے دیکھ کر کہا اوئے چھوٹو کدھر؟، بابر نے بتایا آصف بھائی بینک کے ٹرائل ہیں، اُسی وقت وہ بینک انتظامیہ کے پاس گئے اور بڑے سخت لہجے میں کہا اس کا کیا ٹرائل لے رہے ہو اس نے مجھے مارمار کر تھکا دیا تھا، 11 چوکے مارے ہیں، لکھو اس کا نام اور بینک میں رکھو، یہ تمھارے بڑے کام آئے گا‘۔
اعظم صدیقی نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ ’عوام سے درخواست ہے کہ محمد آصف کے بارے میں کوئی الٹی سیدھی بات نہ کریں‘۔ بعد ازاں اعظم صدیقی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے اس پوسٹ کو ڈیلیٹ کردیا ہے۔