شادی کی کوئی جلدی نہیں کیونکہ بابر کی پوری توجہ اس وقت کرکٹ پر ہے، والد
میڈیا پر یہ خبریں گردش کررہی ہیں کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم جلد شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔
سوشل میڈیا پر پھیلی افواہوں میں کہا جارہا تھا کہ 28 سالہ نوجوان کرکٹر اس سال اکتوبر،نومبر میں شیڈول ون ڈے ورلڈ کپ کے فوراً بعد شادی کر لیں گے۔ ایک سوشل میڈیا فین پیج نے اس پیشرفت کو ٹویٹر(ایکس) پر شیئر کیا، پوسٹ میں کہا گیا کہ بابر اعظم ورلڈ کپ 2023 کے بعد نومبر میں شادی کرنے والے ہیں۔
جبکہ دوسری جانب ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ ان کی مکمل توجہ کرکٹ پر مرکوز ہے اور وہ بھارت میں شیڈول ورلڈکپ 2023کے بعد فوراً بعد شادی کا ارادہ نہیں رکھتے۔
کرکٹ پاکستان کے نمائندے سے بات کرتے ہوئے بابر اعظم کے والد نے تمام افواہوں کی تردید کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی شادی کی کوئی جلدی نہیں ہے کیونکہ بابر کی پوری توجہ اس وقت کرکٹ پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ بابراعظم کے فینز کی اپنے ہیرو کو دولہا کے روپ میں دیکھنے کی خواہش سے بخوبی واقف ہیں اور ان کی بے تابی کا اندازہ ہے لیکن اس کے لیے انہیں کم از کم ایک سال مزید انتظار کرنا پڑے گا۔
قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کی شادی کی تاریخ تو ابھی طے نہیں ہوئی لیکن ایک بات ضرور کنفرم ہے کہ دنیائے کرکٹ کے صف اول کے بیٹر ورلڈکپ 2023کے فوری بعد دلہا نہیں بننے جارہے۔
واضح رہے کہ کپتان کی شادی گزشتہ برس یعنی 2022 میں ٹی20 ورلڈکپ کے بعد ہونی تھی لیکن کچھ مصروفیات کے باعث شادی تاخیر کا شکار ہوئی۔
کپتان بابراعظم کی شادی کے حوالے سے گزشتہ سال یہ خبر سامنے آئی تھی کہ اُن کی شادی ان کی فرسٹ کزن (خالہ کی بیٹی) سے ہونے کی توقع ہے۔