تم سے نہیں میں خود سے بات کررہا تھا، بابر اعظم کی وکٹ کیپر سے تلخ کلامی۔
بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کے ایک میچ کے دوران بابر اعظم کی مخالف ٹیم کے وکٹ کیپر پر غصہ کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ بنگلہ دیش میں جاری پریمیئر لیگ کے میچ میں رنگپور رائیڈرز کی طرف سے کھیلنے والے پاکستانی کرکٹر بابراعظم کی مخالف ٹیم دردنتو ڈھاکا کے وکٹ کیپر عرفان سکر کے ساتھ گرما گرمی ہوگئی۔
دونوں کھلاڑیوں کی بحث و تکرار کے دوران امپائر اور دردنتو ڈھاکا کے کپتان نے ان کے مابین صلح صفائی کرانے کی کوشش کی۔ وائرل ویڈیو میں سابق کپتان کو ’آئی ایم ناٹ ٹاکنگ ٹو یو‘ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔
کہا جارہا ہے کہ سابق کپتان اپنے کیریئر کے بدترین دور سے گزر رہے ہیں اور ٹی 20 ورلڈ کپ قریب آنے کے ساتھ وہ اپنی فارم دوبارہ حاصل کرنے کیلئے بے چین ہیں۔
اس میچ میں بھی بابر اعظم اپنی بیٹنگ کے دوران پاور پلے فیلڈ کا پورا فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے جس کے باعث وہ انتہائی مایوس اور غصے میں نظر آئے۔
دردنتو ڈھاکا کے وکٹ کیپر عرفان سکر نے بابراعظم پر الزام لگایا کہ پاکستانی بلے باز کی طرف سے ان کی طرف نازیبا الفاظ کہے جا رہے ہیں جس پر بابراعظم آگ بگولہ ہوگئے اور جارحانہ انداز میں بولے کہ وہ اُن سے نہیں بلکہ اپنے آپ سے بات کر رہے تھے۔
بعد ازاں امپائرز اور ڈھاکا کے کپتان نے مداخلت کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو الگ کر دیا تاہم بابر اعظم کا غصہ جاری رہا اور عرفان سکر کے پیچھے ہٹنے کے بعد بھی وہ اپنے ساتھی محمد نبی کو متحرک انداز میں واقعہ کی وضاحت کرتے رہے۔