شعیب اختر نے ایک مقامی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے بابر اعظم کے کمیونیکیشن اسکلز کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
پاکستان کے تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک نے کہا ہے کہ کپتان بابر اعظم ان چیزوں پر کام کر رہے ہیں جن کی شعیب اختر نے نشاندہی کی تھی۔
کرکٹ پاکستان کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں شعیب ملک نے بابر اعظم کے کمیونیکیشن اسکلز کے حوالے سے شعیب اختر کے حالیہ متنازع تبصروں کے بارے میں بات چیت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کی (شعیب اختر) کی ذاتی رائے ہے، اور ہاں، ہمیں اس کا احترام کرنا چاہیے، صرف اس صورت میں جب وہ رائے کسی انفرادی کھلاڑی کے جذبات کو ٹھیس نہ پہنچا رہی ہو۔ وہ بیان سن کر میرے ذہن میں یہ بات آئی کہ وہ اپنا بیان دو ٹوک انداز میں دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا دل صاف ہے، اور ہمیشہ ہر ایک کے بارے میں مثبت بات کرتے ہیں۔
آل رائونڈر نے کہا کہ ان کے بیان کا مقصد کسی کو تکلیف دینا نہیں تھا۔ میں نے ان کے اس بیان سے سمجھا کہ وہ صرف یہ کہنا چاہ رہے تھے کہ جدید کرکٹ کا یہی تقاضا ہے کہ آپ اپنی شخصیت کے ساتھ ساتھ اپنی کرکٹ کی مہارت کو بھی بہتر بنائیں۔ میں جانتا ہوں کہ بابر ان چیزوں پر کام کر رہا ہے جن کی نشاندہی اختر نے کی ہے۔
اس سے قبل پاکستان کے سابق کرکٹر شعیب اختر نے ایک مقامی ٹی وی چینل کو دیئے گئے حالیہ انٹرویو میں بابر اعظم کے کمیونیکیشن اسکلز کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ ایک کام ہے اور میڈیا کو سنبھالنا دوسرا کام ہے۔ شعیب اختر نے کہا تھا کہ اگر آپ عمدگی سے بول نہیں سکتے تو میں معذرت خواہ ہوں، لیکن آپ ٹی وی پر اظہار خیال نہیں کر پائیں گے۔ میں یہ کھل کر کہنا چاہتا ہوں کہ بابر اعظم کو پاکستان کا سب سے بڑا برانڈ ہونا چاہیے لیکن وہ پاکستان کا سب سے بڑا برانڈ کیوں نہیں بن گیا؟ کیونکہ وہ عمدگی سے بات چیت کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔