news
English

ویرات کوہلی اور کین ولیمسن کے مشورے بابر اعظم کے کام آگئے

ویرات کوہلی نے نیٹ سیشنز میں میچ سیناریو کی پریکٹس کا مشورہ دیا، قومی کپتان

ویرات کوہلی اور کین ولیمسن کے مشورے بابر اعظم کے کام آگئے فوٹو: آئی سی سی

لاہور: ویرات کوہلی اور کین ولیمسن کے مشورے بابر اعظم کے کام آگئے۔

آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون بیٹسمین بننے والے قومی ٹیم کے کپتان نے پی سی بی پوڈ کاسٹ میں کہا کہ میں کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے ہمیشہ انضمام الحق اور محمد یوسف جیسے کھلاڑیوں سے رہنمائی لیتا ہوں، نیٹ میں اچھی بیٹنگ نہ ہوسکے تو سارا دن بْرا گزرتا ہے، اس سفر میں میرے والدین اور ساتھی کرکٹرز نے بہت ساتھ دیا۔

انہوں نے کہا کہ ویرات کوہلی نے نیٹ سیشنز میں میچ سیناریو کی پریکٹس کا مشورہ دیا،میں نے گیند کو تاخیر سے کھیلنا کین ولیمسن سے سیکھا۔

سوشل میڈیا پر سابق کپتان محمد یوسف نے لکھا ہے کہ بابر آپ نمبر بیٹسمین بن چکے ہیں،آپ کو محنت کا صلہ ملاہے،میں دعا گو ہوں کہ مزید کامیابیاں حاصل کریں۔

یاد رہے کہ بابر اعظم سے قبل محمد یوسف پاکستان کے تیسرے اور آخری بیٹسمین تھے جنھوں نے 2003میں عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر قبضہ جمایا۔

انضمام الحق، رمیز راجہ، شعیب اختر، محمد حفیظ اور شاداب خان سمیت کئی موجودہ اور سابق کرکٹرز بھی بابر کی مزید کامیابیوں کیلیے دعا گو نظر آئے۔