news
English

بھارتی بلے بازشبھمن گل، بابر اعظم کو پیچھے چھوڑنے کو تیار

بابر اعظم کی حالیہ میچز میں ناقص کارکردگی انہیں دنیا کے نمبرون بیٹر کی پوزیشن سے محروم کرسکتی ہے۔

بھارتی بلے بازشبھمن گل، بابر اعظم کو پیچھے چھوڑنے کو تیار

بھارتی ٹیم کے اوپنرشبھمن گل، ڈینگی بخار میں مبتلا ہونے کی وجہ سے سائیڈ لائن ہونے اور آسٹریلیا کے خلاف ہندوستان کے ورلڈ کپ کے پہلے میچ سے محروم ہونے کے باوجود بابر اعظم سے دنیا کے نمبر ون بلے باز ہونے کا اعزاز چھین سکتے ہیں۔
کہا جارہا ہے کہ مسلسل 2 میچز میں بڑا اسکور کرنے میں ناکامی کی وجہ سے قومی ٹیم کے کپتان کو آئی سی سی سے بری خبر ملنے کا خدشہ ہے۔   
تفصیلات کے مطابق بھارتی اوپننگ بلے باز ورلڈکپ کے ابتدائی 2 میچز میں شرکت نہ کرنے کے باوجود بابر اعظم کو ون ڈے رینکنگ کے نمبر ون بلے باز کے طور پر پیچھے چھوڑ سکتے ہیں۔ آئی سی سی کی تازہ ترین رینکنگ اپ ڈیٹس کے مطابق، شبھمن گل 839 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر براجمان ہیں، اور 857 پوائنٹس کے ساتھ موجودہ نمبر ون بلے باز بابراعظم سے صرف 18 پوائنٹس پیچھے ہیں۔ 
بابر اعظم کی حالیہ بلے بازی کی جدوجہد، بشمول سری لنکا کے خلاف 10 رنز اور 2023ء کے ورلڈ کپ میں نیدرلینڈز کے خلاف 5 رنز بنانے کے باعت بابر اعظم کے ریٹنگ پوائنٹس میں نمایاں کمی کا امکان ہے۔
اگرچہ شبھمن گل ورلڈ کپ کے پہلے میچ سے محروم ہونے کی وجہ سے کچھ پوائنٹس سے بھی محروم ہو سکتے ہیں تاہم بابراعظم کے ریٹنگ پوائنٹس میں متوقع کمی سے شبھمن گل کو ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔
یہ امکان بھی ہے کہ شبمن گل بدھ کو ہونے والے افغانستان کے خلاف میچ اور ہفتے کو پاکستان کے خلاف بھارت کے میچ میں بھی غیر حاضر ہوں گے۔ تاہم بابر اعظم کی ورلڈکپ کے ابتدائی 2 میچز کی مایوس کن کارکردگی انہیں ڈھائی سال سے زائد عرصے کے بعد پہلی مرتبہ نمبرون آئی سی سی رینکنگ سے محروم کر سکتی ہے۔ واضح رہے کہ آئی سی سی کی اگلی رینکنگ اپ ڈیٹ بدھ کے روز جاری کی جائے گی۔