ایشیز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد آئی سی سی نے ٹیسٹ پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کردی۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ نئی ٹیسٹ رینکنگ میں ردوبدل کے بعد انگلینڈ کے بلے باز جو روٹ عالمی نمبر ایک ٹیسٹ بیٹر بن گئے ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن دو درجے ترقی پانے کے بعد دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
آسٹریلیا کے مارنس لابوشین پہلی پوزیشن چِھن جانے کے بعد تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔
آئی سی سی رینکنگ میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ ایک درجے ترقی کے بعد چوتھے نمبر پر موجود ہیں جبکہ نئی رینکنگ میں پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا پانچواں نمبر برقرار ہے۔
ٹیسٹ بولرز میں بھارت کے روی چندرن ایشون کا پہلا نمبر برقرار ہے، آر ایشون نے ڈبلیو ٹی سی کا فائنل نہیں کھیلا تھا، اس کے باوجود اب بھی وہ پہلے مقام پر قابض ہیں۔ ان کے پاس 860 ریٹنگ پوائنٹس ہیں جبکہ انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن دوسرے نمبر پر موجود ہیں اور جنوبی افریقا کے کگیسو ربادا ایک درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔