گرین شرٹس کے کپتان بابر اعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کے افتتاحی میچ سے قبل ایک پریس کانفرنس میں شاہین آفریدی کے ساتھ اپنے تعلقات کے حوالے سے سوالات کا تفصیل سے جواب دیا۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کے افتتاحی میچ سے قبل ایک پریس کانفرنس میں شاہین آفریدی کے ساتھ اپنے تعلقات کے حوالے سے سوالات کا تفصیل سے جواب دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بہت سی چیزوں کو تبدیل کیا ہے اب کوشش کریں گے کہ اپنے کھیل میں مزید بہتری لے کرآئیں۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا ٹاکرا کل ہوگا، دونوں ٹیمیں راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شام ساڑھے سات بجے مدمقابل ہوں گی، عماد وسیم اور محمد عامر کی طویل عرصے بعد اسکواڈ میں شمولیت یقینی ہوگئی ہے، دوسری جانب کیوی ٹیم کے نو صف اول کھلاڑی آئی پی ایل میں شرکت کے باعث دستیاب نہیں ہیں۔
قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کہتے ہیں کہ ٹیم میں تمام کھلاڑی پرفارمنس کی بنیاد پر آتے ہیں، نیوزی لینڈ کے خلاف اچھی پرفارمنس پیش کریں گے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ 2024 سے پہلے ہمارے پاس بارہ میچز ہیں، کوشش کریں گے ان میچز کے دوران اپنی تیاریاں مکمل کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بہت سی چیزوں کو تبدیل کیا ہے، کوشش کریں گے کہ اپنے کھیل میں مزید بہتری لائیں۔
کپتان بابرکا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ سیریز میں اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے، امریکا میں شیڈول ورلڈ کپ 2024 کے لیے اچھی ٹیم لے کر جائیں گے، کوشش ہے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیں، اس سیریز میں مختلف کمبینیشن، بیٹنگ اور بولنگ میں آزمائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے ساتھ سیریز ہونے والی ہیں ان میں مزید کئی چیزیں کلیئر ہوجائیں گے۔ اپنے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کوشش کرتا ہوں خوش رہنے کی لیکن انسان ہوں، افسردہ بھی ہوجاتا ہوں۔
بابراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری بیٹنگ مضبوط ہونے جارہی ہے، عثمان خان اور عرفان نیازی کو کھلائیں گے ، ہماری بیٹنگ آٹھویں، نویں نمبر تک جائے گی، نوجوان کھلاڑیوں کے آنے کی ہم سینیئر کو بہت خوشی ہوتی ہے۔
بابر اعظم کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم ہمیں سیریز میں مختلف پوائنٹس پر چیلنج کرے گی جو پاکستانی ٹیم کے لیے اچھا ہوگا۔ میں ٹیم میں یوتھ اور تجربے کے امتزاج کو دیکھتے ہوئے کپتان کی حیثیت سے بہت پُرجوش ہوں۔
نیوزی لینڈ کے کپتان مائیکل بریسویل کا کہنا تھا کہ مجھے اس دورے پر ٹیم کی قیادت کرنے پر فخر ہے۔ ہم ایک ٹیم کے طور پر تفریحی کرکٹ کھیلنے اور کھیل کو آگے لے جانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اسکواڈ کے زیادہ تر کھلاڑی کافی ٹی 20 کرکٹ کھیل چکے ہیں اور وہ اس فارمیٹ سے اچھی طرح واقف ہیں۔ پاکستان ہوم گراؤنڈ میں مضبوط ٹیم ہے اور ہم انہیں اسی کے میدان میں چیلنج دینا چاہیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کل جمعرات کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، ٹاس مقامی وقت کے مطابق شام سات بجے ہوگا اور پہلی گیند شام ساڑھے سات بجے ہوگی۔