news
English

  بنگلہ دیش انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ جیت لیا

یواے ای انڈر 19 ٹیم پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کو شکست دیکر فائنل میں پہنچی تھی جبکہ بنگلہ دیش نے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت کو شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔

   بنگلہ دیش انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ جیت لیا

بنگلہ دیش کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے متحدہ عرب امارات کو 195رنز سے شکست دیکر انڈر19 ایشیا کپ جیت لیا۔ 
انڈر 19 کرکٹ ایشیا کپ کا فائنل اتوار کےروز میزبان متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور بنگلہ دیش کے درمیان دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ یو اے ای نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ 
بنگلہ دیش انڈر 19 نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر282 رنز بنائے۔ 
بنگلہ دیش کی طرف سے عاشق الرحمان شبلی نے 129 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ایم ڈی رضوان 60 اور عارف الاسلام 50 رنز بناکر نمایاں رہے۔ یو اے ای کی طرف سے ایان احمد نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 
ہدف کے تعاقب میں یو اے ای کی پوری ٹیم 24.5 اوورز میں 87 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ بنگلہ دیش کے بولر معروف مریدھا اور روہانت بورسن نے تین، تین جبکہ اقبال حسین ایمن اور شیخ پیوز جبون نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 
یاد رہے کہ یواے ای انڈر 19 ٹیم پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کو دلچسپ مقابلے میں 11 رنز سے شکست دیکر فائنل میں پہنچی تھی جبکہ بنگلہ دیش نے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت کو شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔