news
English

بنگلہ دیشی کرکٹرنجم الحسین شانتو تینوں فارمیٹس کے کپتان مقرر

بطور کپتان ان کا پہلا چیلنج اگلے ماہ شروع ہونے والی سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز ہوگی جس میں تینوں فارمیٹس کے میچز شامل ہوں گے۔

بنگلہ دیشی کرکٹرنجم الحسین شانتو تینوں فارمیٹس کے کپتان مقرر

 بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے نوجوان بیٹر نجم الحسین شانتو کو بڑی ذمہ داری سونپتے ہوئے تینوں فارمیٹس کا کپتان نامزد کردیا۔ 
نجم الحسین شانتو اس سے قبل عبوری طور پر تینوں فارمیٹس میں بنگلہ دیشی ٹیم کی کپتانی کے فرائض انجام دینے کا تجربہ رکھتے ہیں۔ اب باصلاحیت نوجوان بلے باز کو تینوں فارمیٹس میں بنگال ٹائیگرز کا کُل وقتی کپتان بنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ 
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے12 فروری کو ڈھاکہ کے شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں بی سی بی ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ بورڈ میٹنگ کے دوران اس بات کا فیصلہ کیا۔ 
بنگلہ دیشی وزیر برائے کھیل اور بی سی بی کے صدر نجم الحسن کا کہنا تھا کہ ہم نے کپتانی کے حوالے سے طویل بات چیت کی ہے۔ بورڈ نے اس سال کے لیے تینوں فارمیٹس میں نجم الحسن شانتو کو کپتان مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 25 سالہ شانتو نے شکیب الحسن کی غیرموجودگی میں ہوم سیریز کے ساتھ ساتھ گزشتہ سال نیوزی لینڈ کے خلاف اوے سیریز کے دوران بھی بنگلہ دیشی ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دیئے تھے۔ ان کی قیادت میں، بنگلہ دیش نے دسمبر 2023 میں پہلی بار نیوزی لینڈ کی سرزمین پر ایک ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے انٹرنیشنل میچ جیتا تھا۔
بطور کپتان ان کا پہلا چیلنج اگلے ماہ شروع ہونے والی سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز ہوگی جس میں تینوں فارمیٹس کے میچز شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ بنگلہ دیشی ٹیم کے پہلے کپتان غازی اشرف حسین لیپو کو بی سی بی نے چیف سلیکٹر مقرر کر دیا ہے۔ وہ منہاج العابدین ننو کی جگہ لیں گے۔