news
English

بنگلہ دیش کو شکست، ورلڈکپ میں بھارت کی مسلسل چوتھی فتح

آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 میں بھارت نے بنگلہ دیش کو ہراکر مسلسل چوتھا میچ جیت لیا۔

بنگلہ دیش کو شکست، ورلڈکپ میں بھارت کی مسلسل چوتھی فتح

پونے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے 17 ویں میچ میں بنگلہ دیش کا 257 رنز کا ہدف بھارت نے 42 ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ویرات کوہلی 103 رنز اور کے ایل راہول 34 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ 
بنگلہ دیش کیخلاف میچ میں کامیابی کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر بھارت 8 پوائنٹس اور 1.659 رن ریٹ کے ساتھ دوسری پوزیشن پر برقرار ہے جبکہ نیوزی لینڈ 8 پوائنٹس اور 1.923 رن ریٹ کے ساتھ بدستور سرفہرست ہے۔ 
جنوبی افریقہ 4 پوائنٹس اور 1.385 رن  ریٹ کے ساتھ تیسرے اور پاکستان 4 پوائنٹس 0.137- رن ریٹ کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ انگلینڈ، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، نیدرلینڈز اور افغانستان دو، دو پوائنٹس کے ساتھ رن ریٹ کے فرق سے بالترتیب پانچویں، چھٹی، ساتویں، آٹھویں اور نویں پوزیشن پر ہیں۔
سری لنکا اپنے تینوں میچز میں شکست کے باعث اب تک کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کرسکا اور سب سے آخری پوزیشن پر ہے۔

بھارت کی اننگز:

بنگلا دیش کے 257 رنز کے تعاقب میں بھارت کی پہلی وکٹ 13 ویں اوور میں 88 کے مجموعی اسکور پر گری۔ روہت شرما 48 رنز بناکر حسن محمود کی گیند پر توحید ہردوئے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ بیسویں اوور میں 132 کے مجموعی اسکور پر شبھمن گل 53 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ 30 ویں اوور میں 178 کے مجموعی اسکور پر شیریاس ائیربھی 19 رنز بناکر آوٹ ہوگئے۔ دونوں مہدی حسن میراز کی گیند پر محمود اللہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ ویرات کوہلی 103 رنز اور کے ایل راہول 34 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ بنگلہ دیش کی طرف سے مہدی حسن میراز نے 2 اور حسن محمود نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 
بنگلہ دیش کی اننگز: 
بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 256 رنز بنائے تھے۔ اوپنرز تنزید حسن اور لٹن داس نے 93 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا تاہم تنزید 51 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان نجم الحسن 17 گیندوں پر محض 8 رنز بناسکے، مہدی حسن 3، توحید ہردوئے 16 جبکہ مشفق الرحیم 36 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ لٹن داس سب سے زیادہ 66 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ بعد ازاں مشفیق الرحیم 201 رنز پر 38 رنز کی اننگز کھیل پر پویلین روانہ ہوئے، نسیم احمد 14 اور محمود اللہ 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 
بھارت کی جانب سے رویندرا جڈیجا نے 2 جبکہ محمد سراج، جسپریت بمراہ، شاردل ٹھاکر اور کلدیپ یادیو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ کے دوران ہاردک پانڈیا بالنگ کرواتے ہوئے انجری کا شکار ہوکر میدان سے باہر چلے گئے۔

ٹاس:

قبل ازیں بنگلہ دیشی ٹیم کے کپتان نجم الحسن شنتو نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، انہوں نے کہا کہ شکیب الحسن کو آرام کروایا گیا ہے ان کی جگہ نسوم احمد پلئینگ الیون کا حصہ ہیں۔ اس موقع پر بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ کوشش ہوگی میچ میں کامیابی سمیٹ کر جیت کے تسلسل کو برقرار رکھیں۔ 
بھارت کا اسکواڈ: 
کپتان روہت شرما، شبھمن گل، ویرات کوہلی، شریاس ایر، کے ایل راہول، ہاردک پانڈیا، رویندرا جڈیجا، شاردول ٹھاکر، جسپریت بمراہ، کلدیپ یادیو اور محمد سراج۔ 
بنگلہ دیش کا اسکواڈ: 

کپتان نجم الحسن شنتو، لٹن داس، تنزید حسن، مہدی حسن میراز، مشفق الرحیم، توحید ہردوئے، محمود اللہ، نسیم احمد، حسن محمود، مستفیض الرحمان، شرف الاسلام۔