news
English

بنگلہ دیش پریمئیر لیگ: پاکستانی اسٹارز کی وطن واپسی شروع

 لاہور: بنگلہ دیش پریمئیر لیگ میں شریک پاکستانی کرکٹرز کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

بنگلہ دیش پریمئیر لیگ: پاکستانی اسٹارز کی  وطن واپسی شروع

پنجاب کی نگراں کابینہ میں وزیر برائے کھیل مقرر ہونے والے کھلنا ٹائیگرز کے وہاب ریاض سب سے پہلے وطن واپس آئے جبکہ کومیلا وکٹورینز کے نسیم شاہ اور جمعرات کو ہی پہنچ گئے تھے۔

کھلنا ٹائیگرز کی نمائندگی کرنے والے اعظم خان اور عماد بٹ، سلہٹ اسٹرائیکرز کے محمد عامر اور عماد وسیم اور کومیلا وکٹورینز کے خوشدل شاہ نے بھی رخت سفر باندھ لیا ہے۔

فارچون باریسال کے افتخار احمد آج آخری میچ کھیل کر روانہ ہوں گے جبکہ محمد وسیم جونیئر 8 فروری کو آخری میچ کھیل کر روانہ ہوں گے۔

دوسری جانب وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 8 فروری کے بعد بنگلہ دیش سے روانہ ہوں گے۔

واضح رہے کہ نسیم شاہ، خوشدل شاہ، افتخار احمد،اعظم خان، وہاب ریاض کوئٹہ میں 5 فروری کو شیڈول نمائشی میچ میں شرکت کے لیے قبل از وقت آنے کے پابند کئے گئے تھے جبکہ دیگر کرکٹرز کو پی سی بی نے 8 فروری تک کھیلنے کی اجازت دی تھی۔

سابق کپتان محمد حفیظ نے کوئٹہ میں شیڈول 5 فروری کو نمائشی میچ میں شرکت کی تصدیق کردی ہے، وہ میچ کے دوران کمنٹری کے فرائض نبھائیں گے۔