نوجوان اسپنر رشاد حسین نے کیریئر کی بہترین کارکردگی پیش کرتے ہوئے اپنی غیر معمولی بؤلنگ پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے سنسنی خیز مقابلے میں بنگلہ دیش نے سری لنکا کو دو وکٹوں سے شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش نے اپنے پہلے میچ میں سری لنکا کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے ہرا دیا ۔ فاتح ٹیم نے 125 رنز کا ہدف 19 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ توحید ہردوئے نے 40 اور لٹن داس نے 36 رنز بنائے، رشاد حسین کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا انہوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں، گرینڈ پریری اسٹیڈیم ، ڈیلاس میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے 15 ویں میچ میں بنگلہ دیش کے کپتان نجم الحسن شانتو نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے ، پتھم نسانکا 28 گیندوں پر 47 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ دھننجایا ڈی سلوا 21، چاریتھ اسلانکا 19، اینجیلو میتھیوز 16، کوشل مینڈس 10، کمندو مینڈس 4، ڈاسن شناکا 3 جبکہ کپتان ونندو ہاسارنگا اور ماہیش تھیکشنا بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
بنگلہ دیش کی طرف سے مستفیض الرحمٰن اور رشاد حسین نے شاندار بؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور تین، تین وکٹیں حاصل کیں، تسکین احمد نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جواب میں بنگلہ دیش نے مطلوبہ ہدف 19 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، توحید ہردوئے نے زبردست بلے بازی کرتے ہوئے 40 رنز بنائے جبکہ لٹن داس نے 36 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، محمود اللہ 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، سری لنکا کے نوان تھوشارا نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، رشاد حسین پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
واضح رہے کہ گروپ ڈی میں سری لنکن ٹیم کو مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا، پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے اسے 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔