news

تمیم اقبال کی بنگلہ دیش کی ون ڈے ٹیم کی کپتانی سے دستبرداری

تمیم اقبال نے چند ہفتے قبل انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا لیکن وزیراعظم حسینہ واجد سے ملاقات کے بعد فیصلہ واپس لے لیا تھا۔ 

تمیم اقبال کی بنگلہ دیش کی ون ڈے ٹیم کی کپتانی سے دستبرداری

بنگلہ دیش کی ایک روزہ کرکٹ ٹیم کے کپتان تمیم اقبال قومی ٹیم کی قیادت سے دستبردار ہو گئے۔ 
تمیم اقبال نے گزشتہ روز بنگلہ دیش کی ایک روزہ بین الاقوامی ٹیم کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا اور اگست اور ستمبر میں پاکستان اور سری لنکا میں ہونے والے ایشیا کپ میں جانے والی بنگلہ دیشی ٹیم سے اپنا نام خارج کردیا۔ 
تمیم اقبال نے چند ہفتے قبل انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا لیکن وزیراعظم شیخ حسینہ واجد سے ملاقات کے بعد فیصلہ واپس لے لیا تھا۔ 
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان تمیم اقبال نے پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے ایشیا کپ کے لیے ٹیم کی کپتانی سے دستبرداری کا اعلان کیا ہے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق تمیم اقبال نے انجری کے باعث ٹیم کی کپتانی سے دستبرداری کا اعلان کیا، کمر کی انجری کے باعث تمیم اقبال ایشیا کپ سے بھی باہر ہوگئے ہیں۔ 
خیال رہے کہ تمیم اقبال نے چند ہفتے قبل انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا تاہم بنگلا دیش وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد سے ملاقات کے بعد انہوں نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لینے کا اعلان کیا تھا۔ 34 سالہ اوپننگ بلے باز نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ سے یو ٹرن لینےکے ایک ماہ بعد ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سینئر افسران کے ساتھ میٹنگ کے بعد انجری کے مسئلے کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے تازہ ترین فیصلے کا اعلان کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے انہیں (بی سی بی حکام) کو مطلع کر دیا ہے کہ میں آج سے بنگلہ دیش ون ڈے ٹیم کی کپتانی چھوڑ رہا ہوں۔ میں نے وجہ بیان کر دی ہے۔ تمیم اقبال نے ملاقات کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ ان کی انجری ایک سنجیدہ مسئلہ ہے۔

تمیم اقبال نے کہا کہ میں نے ہمیشہ ٹیم کے بارے میں سوچا ہے۔ ٹیم کی بہتری کے لیے (میں نے سوچا) مجھے کپتانی چھوڑ کر ایک کھلاڑی کے طور پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے اور جب بھی موقع ملے گا اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔
تمیم نے مزید کہا کہ انہوں نے بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کو بھی اپنے فیصلے سے آگاہ کیا تھا اور انہوں نے ان کی پریشانی کو تسلیم کیا تھا۔ 
تمیم اقبال نے حالیہ ہوم سیریز کے دوران جولائی میں تمام طرز کی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی مگر صرف ایک دن بعد وزیراعظم حسینہ واجد کی درخواست پر اپنا فیصلہ واپس لے لیا تھا۔