news
English

پی سی بی ڈومیسٹک کرکٹر پر خود پابندی لگا کر بھول گیا

اپیل پرپابندی قبل از وقت ختم کردی، اعلامیہ جاری نہیں کیا جا سکا، بورڈترجمان

پی سی بی ڈومیسٹک کرکٹر پر خود پابندی لگا کر بھول گیا فوٹو: پی سی بی

پی سی بی ڈومیسٹک کرکٹر پرخود پابندی لگاکربھول گیا،2 سال تک کھیل سے دوری کی سزا پانے والے گوہرعلی5ماہ بعد ہی دوبارہ کھیلنے لگے۔

رواں سال اپریل میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے سول ایوی ایشن کے وکٹ کیپر بیٹسمین گوہر علی پر 2سال کی پابندی عائد کر دی تھی،ان پر خیبر پختونخوا پولیس کا مستقل ملازم ہونے کے باوجود پیٹرنز ٹرافی گریڈ 2 میں دوسرے ادارے کی نمائندگی کا الزام تھا، پاکستان نیوی نے میچ کے بعد بورڈ کو یہ شکایت کی تھی جسے درست مانا گیا،گوہر اپریل 2021 تک کسی بھی ڈومیسٹک مقابلے میں حصہ نہیں لے سکتے تھے۔

سول ایوی ایشن پر بھی  قوائد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نااہل کرکٹر کو کھلانے پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد ہوا تھا، ان دنوں کراچی میں جاری قومی ٹی ٹوئنٹی کپ سیکنڈ الیون میں گوہر 4میچز میں خیبرپختونخوا کی نمائندگی کرتے نظر آئے جس پر پلیئرز نے بھی حیرت کا اظہار کیا، اس سے قبل وہ26 سے 28 ستمبر تک قائد اعظم ٹرافی سیکنڈ الیون میچ میں بھی سددرن پنجاب کیخلاف خیرپختونخوا کی جانب سے ایکشن میں نظر آئے تھے،اس لحاظ سے 2سالہ پابندی 5 ماہ میں ہی خاموشی سے ختم ہوگئی۔

رابطے پر پی سی بی کے ترجمان نے کہا کہ گوہر علی نے اپنی سزا کیخلاف اپیل کی تھی جس پر پابندی کم کردی گئی، وہ 25 ستمبر کو ڈومیسٹک مقابلوں میں شرکت کے اہل ہو گئے تھے،اس سوال پر کہ کیا کسی پریس ریلیز یا کسی اور طریقے سے اس کا اعلان ہوا؟ بورڈکے ترجمان نے کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہوا، انھوں نے سزا کم کرنے کی وجہ بھی بتانے سے گریز کیا۔