رواں سال مئی میں زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز کے بعد سے حالیہ مسلسل ٹی ٹوئنٹی میچوں کو دیکھتے ہوئے شکیب الحسن کی ٹیسٹ کرکٹ کے لیے تیاری کے بارے میں خدشات ہیں۔
پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنےکے لئے بنگلہ دیشی بورڈ حکام آل راؤنڈر شکیب الحسن کو اسکواڈ میں شامل کرنے پر غیریقینی کا شکار ہوگئے۔ رپورٹس کے مطابق سلیکٹرز ملک میں جاری بدامنی کی وجہ سے آل راؤنڈر سے رابطہ نہیں کرسکے۔
بنگلہ دیشی آل راؤنڈر اِن دنوں گلوبل ٹی20 لیگ کینیڈا میں ایکشن میں ہیں تاہم وہ دورہ پاکستان کے لئے آنے میں دلچسپی ظاہر کرچکے ہیں البتہ بھارت کیخلاف سیریز میں اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے۔
شکیب الحسن کی پاکستان کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں شمولیت یقینی تھی تاہم بنگلہ دیش میں حالیہ سیاسی صورتحال تبدیل ہونے کے بعد وہ ممبر پارلیمنٹ کی سیٹ کھع چکے ہیں جبکہ مظاہرین کی جانب سے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ ان کی اپنے وطن واپسی تاخیر کا شکار ہوسکتی ہے۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ شکیب الحسن دورہ پاکستان میں اسکواڈ کا حصہ ہوسکتے ہیں تاہم سلیکٹرز ملک میں جاری بدامنی کی وجہ سے ابھی تک آل راؤنڈر سے رابطہ نہیں کرسکے۔
پاکستان کیخلاف سیریز کیلئے اسکواڈ کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے کپتان نجم الحسین شانتو اور ہیڈ کوچ چندیکا ہتھورو سنگھا سے مشاورت کریں گے۔
دوسری جانب دعویٰ کیا جارہا ہے کہ سیریز کیلئے 18 رکنی ابتدائی اسکواڈ فائنل کرلیا گیا ہے تاہم شکیب اور تسکین احمد کے حوالے سے کچھ تحفظات پائے جاتے ہیں۔
دریں اثناء کرکٹ آپریشنز انچارج شہریار نفیس کا کہنا ہے کہ شکیب کی شمولیت کا انحصار ان کی دستیابی اور سیریز کیلئے انتخاب پر ہوگا۔
دوسری جانب سول نافرمانی کی پُرتشدد تحریک کے حامی مظاہرین نے سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کا 15 سالہ دورِ اقتدار کا خاتمہ کردیا ہے اور وہ ملک سے مفروری کے بعد اس وقت بھارت میں مقیم ہیں۔