بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شُکلا نے 2026 کے ورلڈ کپ کے حوالے سے پاکستان کی جانب سے بائیکاٹ کیے جانے کے خدشات کا جواب دے دیا۔
بھارتی ٹیم پاکستان جا سکتی ہے، بھارتی کرکٹ بورڈ نے اشارہ دے دیا تاہم ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ اگر بھارتی حکومت اجازت دے گی تو ہی ٹیم ہپاکستان جاسکے گی۔
تفصیلات کے مطابق بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شُکلا نے اس امر پر روشنی ڈالی کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے پاکستان کے سفر کے لیے حکومت کی منظوری ضروری ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدرنے ایک بار پھر اشارہ دیا ہے کہ آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی 2025 کیلئے بھارتی ٹیم پاکستان کا دورہ کرسکتی ہے۔
اتر پردیش پریمیئر لیگ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی بورڈ کے صدر راجیو شکلا کا کہناتھا کہ ممکنہ طور پر بھارتی ٹیم حکومتی اجازت ملنے کے بعد آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی 2025 کے لئے پاکستان کا دورہ کرسکتی ہے، سال 2026 ون ڈے ورلڈکپ (جس کے میزبان بھارت اور سری لنکا) میں شرکت کے لئے پاکستان اپنا فیصلہ کرنے کیلئے آزاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ون ڈے ورلڈکپ 2026 کے حوالے سے جو چاہے کہے لیکن چیمپئینز ٹرافی 2025 میں شرکت کیلئے ہمیں حکومت کی جانب سے منظوری درکار ہے۔ راجیو شکلا نے تسلیم کیا کہ اگر بھارت آئندہ ٹورنامنٹ کیلئے پاکستان کا سفر نہیں کرتا تو قوی امکان ہے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) بھی ردِعمل دے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے پاکستان، بھارت نہ آکر کھیلنے کی دھمکی دے گا لیکن بورڈ کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ یہ فیصلہ بھارتی حکومت کے ہاتھ میں ہے ناکہ بی سی سی آئی کے ہاتھ میں۔،،
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی فروری، مارچ 2025 میں پاکستان میں منعقد ہونی ہے تاہم شیڈول سمیت ٹیمیں تاحال موضوع بحث بنی ہوئی ہیں جبکہ بھارتی بورڈ ایونٹ کو ہائبرڈ ماڈل یا نیوٹرل وینیو پر کروانے کا خواہشمند ہے، اسی طرح پاکستان کرکٹ بورڈ بھی اپنے موقف پرقائم ہے کہ پورا ایونٹ پاکستان میں ہی ہوگا، بھارتی ٹیم کو لانے کا کام آئی سی سی کا ہے ہمارا نہیں۔
ٹورنامنٹ کے ممکنہ ابتدائی شیڈول کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری سے کراچی میں ہوگا جو کہ 9 مارچ کو لاہور میں فائنل کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا جس کے کئی میچز راولپنڈی میں بھی شیڈول ہیں۔
چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے تینوں شہروں میں اسٹیڈیمز کو بھی اپ گریڈ کیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شائقین بہترین سہولیات کے ساتھ میچز سے لطف اندوز ہوسکیں۔