بی سی بی نے بھی کھلاڑیوں کی انجریز اور دبئی میں زیادہ گرمی کا بہانہ بنادیا
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے پاکستان کی جانب سے پیش کیے گئے ہائبرڈ ماڈل کے تحت دبئی میں ایشیا کپ کے میچز کے انعقاد کی مخالفت کردی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشیاکپ 2023 کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہائبرڈ ماڈل کے طور پر دبئی کو ترجیحی وینیو قرار دیا تھا تاہم اب بھارت کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بھی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کھیلنے سے انکار کردیا ہے۔
بنگلہ دیشی بورڈ ذرائع کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل پر کوئی اعتراض نہیں لیکن متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں گرمی زیادہ ہونے کی وجہ سے کرکٹرز کی انجریز کا مسئلہ ہے۔
بنگلہ دیشی بورڈ کے ذرائع نے کہا کہ پی سی بی کے ساتھ ہمارے اچھے تعلقات ہیں اور ہمیں پاکستان جانے پر کوئی اعتراض نہیں۔ ایشیاکپ اگر ایک وینیو پر ہوتا ہے تو مناسب ہوگا تاہم اس بات کا فیصلہ ایشین کرکٹ کونسل ( اے سی سی) کو کرنا ہے۔
دوسری جانب ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کا ایشیاکپ کے حوالے سے اندرونی اجلاس آئندہ ایک دو روز میں ہونے کا امکان ہے، جس میں سیکریٹری بی سی سی آئی جے شاہ بھی شرکت کریں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ گیٹ منی کے باعث متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ایشیاکپ کا انعقاد کروانا چاہتا ہے تاہم بھارت نے اس کی بھی مخالفت کرتے ہوئے دبئی کی شدید گرمی کا جواز پیش کیا تھا۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر ہائبرڈ ماڈل کو منظور کرلیا جاتا ہے تو پی سی بی نیوٹرل وینیو پر بھی لچک دکھا سکتا ہے۔
گزشتہ دنوں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اور سری لنکن بورڈ نے بذریعہ ای میل پی سی بی کو گرین سگنل دیا تھا تاہم کوئی براہ راست رابطہ نہیں کیا گیا۔