news
English

چیمپیئنزٹرافی 2025 کے لیے روہت شرما کو کپتان برقرار رکھنے کا اعلان   

ورلڈ کپ چیمپئن روہت شرما چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھی ہندوستان کی قیادت کریں گے۔

چیمپیئنزٹرافی 2025 کے لیے روہت شرما کو کپتان برقرار رکھنے کا اعلان   

بھارتی کرکٹ بورڈ نے چیمپیئنز ٹرافی 2025 اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل کے لیے روہت شرما کو کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کردیا۔ 
بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا ( بی سی سی آئی ) کے سیکریٹری جے شاہ نے تصدیق کی ہے کہ آئندہ برس ہونے والی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی اورورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ فائنل میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی کمان روہت شرما ہی سنبھالیں گے۔ 
بی سی سی آئی کی جانب سے سیکریٹری جے شاہ کا ایک اہم ویڈیو بیان جاری کیا گیاہے جس میں جے شاہ نے کہا ہے کہ ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں ( آسٹریلیا کے ہاتھوں) مایوس کن شکست کے بعد وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شاندار فتح حاصل کرنے تک وہ مسلسل روہت شرما کی حوصلہ افزائی کرتے رہے ہیں۔ 
جے شاہ کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی ٹیم پر اعتماد ہے کہ روہت شرما کی کپتانی میں وہ چیمپیئز ٹرافی اورورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا ٹائٹل بھی حاصل کرلے گی۔ 
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں عالمی چیمپیئن بن جانے کے بعد روہت شرما اور ویرات کوہلی نے مختصر فارمیٹ کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا، چنانچہ اب ون ڈے اورٹیسٹ میں  روہت شرما ہی کپتان برقرار رہیں گے جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم کی کمان کرنے کے لیے ہاردک پانڈیا کا نام لیا جارہا ہے۔ 
واضح رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی 2025کا سنسنی خیزایونٹ آئندہ سال پاکستان میں منعقد ہوگا۔ اس ایونٹ میں بھارت کا مقابلہ پاکستان کے ساتھ کراچی میں شیڈول ہے مگر اس مقابلے کے لیے بھارتی بورڈ نے اپنی ٹیم کو ابھی تک گرین سگنل نہیں دیا ہے۔