news
English

آسٹریلوی ٹیم کو پاکستان آنا چاہیے، بین ڈنک

انکار کی کوئی وجہ سمجھ نہیں آتی، قلندرز ٹائٹل جیتنے کیلیے پرعزم ہیں، اسٹار پلیئر

آسٹریلوی ٹیم کو پاکستان آنا چاہیے، بین ڈنک فوٹو: پی سی بی

بین ڈنک آسٹریلوی ٹیم کو بھی پاکستانی میدانوں پر ایکشن میں دیکھنے کے خواہاں ہیں۔

مڈل آرڈر بیٹسمین کا کہنا ہے کہ کینگروز کے یہاں آکر کھیلنے سے انکار کی کوئی وجہ سمجھ نہیں آتی، لاہور قلندرز پی ایس ایل ٹائٹل جیتنے کیلیے پر عزم ہیں۔ پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کے پروگرام کرکٹ کارنر ود سلیم خالق میں بات کرتے ہوئے بین ڈنک نے کہا کہ پاکستان میں اعلیٰ معیارکی سیکیورٹی فراہم کی جارہی ہے، میرے خیال میں آسٹریلوی ٹیم کے یہاں آکرکھیلنے میں کوئی امرمانع نہیں ہونا چاہیے۔

بین ڈنک نے کہا اب یہ دونوں بورڈز پر منحصر ہے کہ دورہ کب ہونا چاہیے، انھوں نے کہا کہ میں نے اپنے بچپن میں شعیب اختر اور رکی پونٹنگ کے مابین برتری کے لیے جنگ دیکھی ہے، اسی طرح کی کشمکش پاکستان کے میدانوں پر بھی دیکھنا چاہوں گا۔ ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ لاہور قلندرز پی ایس ایل فائیو کا ٹائٹل جیتنے کیلیے پرعزم ہیں۔

گزشتہ سیزن میں اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہوئے تھے لیکن اب نیا سیزن اور نیا چیلنج ہے، ہمیں کئی باصلاحیت کھلاڑیوں کی خدمات میسر ہیں، شائقین ہم سے بڑی توقعات رکھتے اور بڑے صبرسے بہتر نتائج کا انتظار کرتے رہے ہیں۔

قذافی اسٹیڈیم میں ہوم گراؤنڈ پر لاہور قلندرز کو ملنے والی سپورٹ خوش آئند ہے،  شائقین کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے کی کوشش کریں گے، ایک اورسوال پر انھوں نے کہا کہ کسی بھی فرنچائز لیگ میں غیر ملکی کھلاڑیوں سے ہمیشہ بڑی توقعات وابستہ کرتی ہیں، جس بنیاد پر کسی کا انتخاب ہو اس کو درست ثابت کرنے کی کوشش کرنا چاہیے،  انھوں نے کہا کہ سہیل اختر گرچہ ایک نوآموز کپتان ہیں مگر ان کو محمد حفیظ اور سمت پٹیل سمیت کئی تجربہ کار کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں۔