کراچی: انگلش ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے پاکستان میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچز کی فیس سیلاب متاثرین کے لئے دینے کا اعلان کیا ہے۔
ٹوئٹر پر اپنے دورہ پاکستان سے متعلق گفتگو میں انہوں نے اپنی میچ فیس پاکستان فلڈ اپیل میں دینے کا اعلان کیا، اپنے تاثرات شئیر کرتے ہوئے انگلش ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس کا کہنا تھا کہ یادگار سیریز کے لئے پاکستان آنا ان کے لئے باعث اعزاز ہے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 17سال بعد بطور ٹیسٹ سیریز پاکستان میں کھیلنا خاصا دلچسپ ہی نہیں بلکہ ایک ذمہ داری کا احساس بھی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے انگلش ٹیم کے کپتان کے اقدام کو سراہتے ہوئے اسے ہمدردی کی اعلیٰ مثال قرار دیا۔ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ مشکلات میں پھنسے افراد کی مدد سب سے بڑی خدمت ہے۔
ان کہنا تھا کہ انگلش ٹیم کے کپتان کا یہ اقدام برطانوی اعلیٰ اقدار کی مثال ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان شروع ہونے والے 3میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریزکا آغاز یکم دسمبر سے ہوگا، ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کا انعقاد راولپنڈی میں ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ ملتان اور تیسرا کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔