انگلش آل رائونڈر نے بھارت میں حال ہی میں ہونے والے ورلڈ کپ 2023 میں شرکت کے لئے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لیا تھا۔
انگلینڈ کے ٹیسٹ کپتان بین اسٹوکس نے ورک لوڈ اور فٹنس مسائل کے باعث آئی پی ایل 2024 میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کرلیا۔
چنائی سپر کنگز نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بین اسٹوکس کے اس فیصلے کی حمایت کرتے ہیں۔ انگلش آل رائونڈر نے بھارت میں حال ہی میں ہونے والے ورلڈ کپ 2023 میں شرکت کے لئے اپنی ون ڈے سے ریٹائرمنٹ واپس لی تھی تاہم اسٹوکس ورلڈ کپ 2023 کے ابتدائی میچز کے دوران فٹنس مسائل کا شکار نظر آئے، اسٹوکس نے ورلڈ کپ کے بعد گھٹنے کا آپریشن کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔
اسٹوکس اور ای سی بی فٹنس کی بحالی کے مطابق کرکٹ میں واپسی کی ٹائم لائن کا تعین کریں گے۔ بین اسٹوکس آئی پی ایل 2023ء میں چنائی سپر کنگز کی طرف سے 1.98 ملین ڈالر کے ساتھ سب سے مہنگے کھلاڑی تھے، انہوں نے صرف دو میچ کھیل کر15 رنز بنائے اور بولنگ میں صرف ایک اوور ہی کروا سکے تھے۔ اسٹوکس کے گھٹنے کے مسائل طویل عرصے سے چلے آ رہے ہیں لیکن رواں سال فروری میں انگلینڈ کے دورہ نیوزی لینڈ کے دوران درد کی شدت میں اضافہ ہوا۔ ورلڈ کپ 2023 کے دوران بین اسٹوکس نے انگلینڈ کی طرف سے 6 میچوں میں حصہ لیا جبکہ ابتدائی تین میچوں میں وہ واضح طور پر فٹنس مسائل کا شکار نظر آئے۔