news
English

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: بھارت نے پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو ویزے دینے سے انکار کردیا

 لاہور: بھارت نے پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو ویزے دینے سے انکار کر دیا جس کے باعث قومی ٹی 20 ٹیم ورلڈکپ میں شرکت سے محروم ہوگئی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: بھارت نے پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو ویزے دینے سے انکار کردیا

ایکسپریس نیوز کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ نے قومی بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو کلیئرنس دینے سے انکار کردیا جس کے بعد سفارت خانے نے ویزہ جاری نہ ہونے کی تصدیق کردی۔

بھارت کی جانب سے ویزے جاری نہ ہونے کے باعث قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ میں شرکت سے محروم رہ گئی۔

چیئرمین پاکستان بلائنڈ کونسل سید سلطان نے کھلاڑیوں کو ویزے جاری نہ کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بھارت کے اس اقدام پر حیرانی کا اظہار کیا ہے۔

صدر بلائنڈ کرکٹ کونسل سید سلطان شاہ نے کہا کہ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل بھارت کے خلاف سخت ایکشن  لیتے ہوئے مستقبل میں میزبانی دینے پر پابندی لگا سکتی ہے۔

واضح رہے کہ بلائنڈ کرکٹ ورلڈکپ 5 سے 17 دسمبر تک بھارت میں منعقد کیا جائے گا، جس کے لیے قومی ٹیم کو اتوار کے روز بھارت روانہ ہونا تھا۔ پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ قومی ٹی ٹوینٹی بلائنڈ ٹیم اس سیزن کی مضبوط ٹیم تھی۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم 2 مرتبہ رنر اپ رہ چکی ہے۔