سحر شنواری نے اعلان کیا تھا کہ اگر بنگلہ دیش کی ٹیم بھارت کو ہرانے میں کامیاب ہوگئی تو بنگالی لڑکے کے ساتھ فش ڈنر ڈیٹ کے لئے ڈھاکہ جاؤں گی‘‘۔
آئی سی سی ورلڈ کپ میں بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان ہونے والے میچ سے قبل انوکھا اعلان کرنے والی پاکستانی اداکارہ اور سوشل میڈیا انفلوئینسر سحرشنواری کا بنگالی ٹائیگرز کی شکست پر ردعمل سامنے آگیا۔
گزشتہ روز پونے کرکٹ اسٹیڈیم میں میں کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈ کپ کے 17 ویں میچ میں بنگلہ دیش کا 257 رنز کا ہدف بھارت نے 42 ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، ویرات کوہلی 103 رنز اور کے ایل راہول 34 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اس میچ سے ایک روز قبل پاکستانی اداکارہ سحر شنواری نے کہا تھا کہ ’’انشاء اللہ میرے بنگالی بندو اگلے میچ میں اُن سے بدلہ لیں گے، اگر بنگلہ دیش کی ٹیم بھارت کو ہرانے میں کامیاب ہوگئی تو میں بنگالی لڑکے کے ساتھ فش ڈنر ڈیٹ کیلئے ڈھاکہ جاؤں گی‘‘۔
سحر شنواری کی بھارت کو ہارتا دیکھنے کی خواہش تو پوری نہ ہوسکی تاہم اب اُنہوں نے اپنے بنگالی ٹائیگرز کے لیے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر پیغام جاری کیا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ “بنگالی ٹائیگرز بھارت کے خلاف بہت اچھا کھیلے، کم از کم آپ لوگوں نے بھارتی ٹیم کو ان کے ہوم گراؤنڈ پر چیلنج کیا”۔
واضح رہے کہ سحر شنواری سوشل میڈیا پر اپنی اداکاری اور لپسنگ ویڈیوز کی وجہ سے مقبول ہیں جو اکثر ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر شیئر کی جاتی ہیں، انسٹاگرام پر ان کے 31 ہزار سے زائد فالوورز ہیں۔
یاد رہے کہ بنگلہ دیش کیخلاف میچ میں کامیابی کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر بھارت 8 پوائنٹس اور 1.659 رن ریٹ کے ساتھ دوسری پوزیشن پر برقرار ہے جبکہ نیوزی لینڈ 8 پوائنٹس اور 1.923 رن ریٹ کے ساتھ بدستور سرفہرست ہے۔
جنوبی افریقہ 4 پوائنٹس اور 1.385 رن ریٹ کے ساتھ تیسرے اور پاکستان 4 پوائنٹس 0.137- رن ریٹ کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ انگلینڈ، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، نیدرلینڈز اور افغانستان دو، دو پوائنٹس کے ساتھ رن ریٹ کے فرق سے بالترتیب پانچویں، چھٹی، ساتویں، آٹھویں اور نویں پوزیشن پر ہیں۔ سری لنکا اپنے تینوں میچز میں شکست کے باعث اب تک کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کرسکا اور سب سے آخری پوزیشن پر ہے۔