بلو شرٹس نے میگا ایونٹ میں مسلسل 8فتوحات کا پاکستانی ریکارڈ برابر کر دیا۔
پاکستانی ٹیم بھارت کیخلاف تیسرے کم ترین ٹوٹل پر ڈھیر ہوئی جب کہ ورلڈکپ 1992میں 173، 1999میں 180 رنز بنائے تھے۔
نریندر مودی اسٹیڈیم احمد آباد میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے اہم ترین میچ میں پاکستانی ٹیم صرف 191رنز پر ڈھیر ہوگئی، میگا ایونٹ کی تاریخ میں یہ بھارت کیخلاف گرین شرٹس کا تیسرا کم ترین ٹوٹل ہے۔
مارچ 1992میں سڈنی کرکٹ گرائونڈ پر کھیلے جانے والے میچ میں پاکستانی ٹیم 48.1 اوورز میں 173تک محدود رہی تھی،جون 1999 میں مانچسٹر میں گرین شرٹس نے 45.3اوورز میں 180رنز بنائے تھے۔
مجموعی طور پر ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کا بھارت کیخلاف کم ترین ٹوٹل 79سیالکوٹ میں 1978میں کھیلے جانے والے میچ میں بنایاگیا تھا، بھارت کی جیت سے میگا ایونٹ میں مسلسل 8فتوحات کا پاکستانی ریکارڈ برابر ہوگیا۔
گرین شرٹس نے سری لنکا کو آٹھوں میچز میں شکست دی،بھارت نے ورلڈکپ مقابلوں میں پاکستان کو مسلسل آٹھویں بار زیر کیا،ان فتوحات میں سے 6 بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے حاصل کیں۔
گزشتہ روز ہدف کے کامیاب تعاقب کا دوسرا موقع تھا، ورلڈکپ 1992 میں پاکستان 43رنز، 1996میں 39، 1999میں 49رنز سے ہارا، 2003میں 6وکٹ سے شکست ہوئی،2011میں 29رنز، 2015 میں 76 جبکہ2019میں 89رنز سے شکست کھائی۔
گزشتہ روز پاکستان نے آخری 8وکٹیں 36رنز کے سفر میں گنوائیں، اس سے قبل ویسٹ انڈیز کیخلاف 32 اور سری لنکا سے میچ میں 33رنز کے دوران اتنی ہی وکٹیں گری تھیں۔روہت شرما نے 3اننگز میں 5یا زائد چھکے لگانے والے ڈی ویلیئرز اور کرس گیل کو جوائن کرلیا۔