news
English

بھارت کی سی ٹیم بھی پاکستان کو دھول چٹاسکتی ہے، سابق بھارتی کرکٹرکا دعویٰ

مجھے نہیں لگتاکہ پاکستان کسی آئی سی سی ایونٹ میں بھارت کو ہراسکتا ہے، سری سانتھ

بھارت کی سی ٹیم بھی پاکستان کو دھول چٹاسکتی ہے، سابق بھارتی کرکٹرکا دعویٰ

آئی سی سی ورلڈکپ 2023 میں بھارت کے ہاتھوں پاکستان کی بدترین شکست پر بھارتی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر ایس سری سانتھ نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت کی سی ٹیم بھی میگا ایونٹ میں گرین شرٹس کو دھول چٹاسکتی ہے۔ 
بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق بھارتی فاسٹ بولر ایس سری سانتھ نے کہا کہ ’’ پاکستانی ٹیم بھارت کو اتنے بڑے اسٹیڈیم میں کھیلنے کا خواب بھی نہیں دیکھ سکتی، ہم نے انہیں ایک موقع دیا لیکن اگر آپ اس طرح کھیلتے ہیں، تو آپ کو دوبارہ ایسے مواقع نہیں ملیں گے‘‘۔   قومی ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد بیان دیا تھا کہ پاکستان کم بیک کرے گا اور ایونٹ کے فائنل میں بھارت کو شکست دے گا، جس پر سری سانتھ مکی آرتھر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ’’مجھے نہیں لگتا کہ پاکستان اپنی ٹیم کو دیکھتے ہوئے کبھی بھی آئی سی سی ٹرافی یا کسی اور ایونٹ میں بھارت کو ہراسکتا ہے‘‘۔ 
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہندوستان کی سی ٹیم بھی پاکستان کی موجودہ پلئینگ الیون کو شکست دینے کی اہلیت رکھتی ہے۔ 
واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ میں بھارت نے پاکستان مسلسل آٹھویں بار شکست سے دوچار کیا تھا۔ 
قبل ازیں سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی ورلڈکپ میں بھارت کے ہاتھوں بدترین ہار کا نشانہ بننے کے بعد میگا ایونٹ میں پاکستان کا کم بیک کرنا مشکل ہے کیونکہ گرین شرٹس کی موجودہ پلئینگ الیون میں مقابلے کے جذبے کی کمی نظر آتی ہے۔