لاہور: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت پر جان بوجھ کر جنوبی افریقہ سے ہارنے کا الزام عائد ہونے لگا۔
اتوار کے روز پرتھ میں منعقدہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے اہم میچ میں جنوبی افریقہ نے بھارت کو با آسانی 5 وکٹوں سے شکست دی تھی،اس وجہ سے پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات نہ ہونے کے برابر رہ گئے، بھارتی کھلاڑیوں نے کیچز ڈراپ کیے اور رن آئوٹ کے مواقع بھی ضائع کیے۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان سلیم ملک نے پروٹیز کے ہاتھوں بھارت کی شکست پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارت کبھی نہیں چاہے گا کہ پاکستان آگے جائے، بلیو شرٹس نے بہت ہی خراب فیلڈنگ کی، اگر بھارتی کھلاڑی تھوڑی سی اچھی فیلڈنگ کر لیتے تو میچ نہ ہارتے، جو کیچ انھوں نے نہیں لیے وہ چھوٹنے والے نہیں ہوتے، بھارتی ٹیم نے میچ کی ابتدا میں تھوڑا جوش اور جذبہ دکھایا لیکن جس طرح کی فیلڈنگ کی اس پر مجھے تھوڑا سا شبہ ہے، بھارت کبھی نہیں چاہے گا کہ پاکستان ٹیم آگے آئے۔
سابق پیسر شعیب اختر نے کہا کہ بھارت نے جنوبی افریقہ سے ہار کر ہمیں باہر کرادیا لیکن اس میں بلیو شرٹس کا کوئی قصور نہیں،پاکستان اتنا بْرا کھیلا جس سے ہم نے خود ہی خود کو باہر کرایا، میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ ان پچز پر کھیلنا آسان کام نہیں اور یہی ہوا، جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں بھارتی بیٹنگ کی کمزوریاں کھل کر سامنے آگئیں، ٹیم نے ہمیں بھی بہت مایوس کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس اب چانسز بہت کم رہ گئے ہیں، پہلے ہم خواہش کررہے تھے کہ بھارت جنوبی افریقہ کو شکست دے ، پھر ہم پروٹیز کو ہرادیں تو چانس بن جائے گا، مگر اب تو ایسا لگ رہا ہے کہ جنوبی افریقہ ہمیں بھی زیر کر سکتا ہے، بہرحال میں اب بھی اپنی ٹیم کو سپورٹ کرتا ہوں۔
دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین کی اکثریت بھی بھارت پر جنوبی افریقہ سے مقابلے میں جان بوجھ کر ہارنے کا امکان ظاہر کررہی ہے تاکہ پاکستان کے آگے جانے کی راہ مسدود کی جاسکے۔