news

بسمہ معروف پاکستان کی سب سے زیادہ ون ڈے کرکٹ کھیلنے والی کھلاڑی۔

پاکستان اور آئرلینڈ کے تیسرے ون ڈے کی قیادت بسمہ معروف کریں گی اور اس میچ کے بعد پاکستانی خواتین کرکٹ کی سب سے زیادہ ون ڈے کرکٹ کھیلنے والی کھلاڑی بن جائیں گی۔

بسمہ معروف پاکستان کی سب سے زیادہ ون ڈے کرکٹ کھیلنے والی کھلاڑی۔

پاکستان اور آئر لینڈ کی ویمن ٹیموں کے درمیان ہونے والی تین میچوں کی ون ڈے سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ برائے2022-25 کا حصہ ہے اور اس میں ہوم سائیڈ تمام چھ پوائنٹس اکٹھا کرکے سیریز ختم کرنے کے لیے بے چین ہوگی۔ پاکستان نے آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 2022-25 میں اب تک پانچ میچز کھیلے ہیں، اس سال سری لنکا کے خلاف تین میچز کھیلے ہیں اور ان میں سے دو میں کامیابی حاصل کی ہے اور فی الحال آٹھ پوائنٹس کے ساتھ آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں دوسرے نمبر پر ہے جبکہ بھارت 6 میچوں میں 12 پوائنٹس کے ساتھ چارٹ میں سرفہرست ہے۔

پاکستان کی پوری توجہ تیسرا اور آخری ون ڈے جیتنے اور اس کے ساتھ آئرلینڈ کو کلین سویپ کرنے پر ہے جب بدھ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں دونوں ٹیمیں ون ڈے سیریز میں آخری بار آمنے سامنے ہوں گی۔ میچ پی سی بی کے یوٹیوب چینل پر براہ راست نشر کیا جائے گا، جس میں پہلی گیند صبح 9:30 بجے کی جائے گی۔

پاکستانی ویمن ٹیم کی قیادت بے مثال کپتان بسمہ معروف کریں گی جو اس میچ کے بعد پاکستانی خواتین کرکٹ کی سب سے زیادہ ون ڈے کرکٹ کھیلنے والی کھلاڑی بن جائیں گی، ان کے نام کئی ریکارڈز ہیں۔

بسمہ معروف نے ون ڈے فارمیٹ میں 115 اننگز میں 29.20 کی اوسط اور 57.44 کے اسٹرائیک ریٹ سے 2891 رنز بنائے ہیں۔ ایک حیران کن حقیقت یہ ہے کہ ان کے نام پر ایک بھی ون ڈے سینچری نہیں ہے۔ ان کا نجی سب سے بڑا اسکور 99 ہے۔ ان کے نام 50 اوورز کے فارمیٹ میں 16 نصف سینچریاں ہیں۔ ٹی20 انٹرنیشنل فارمیٹ میں 31 سالہ کھلاڑی نے 111 میچوں میں 27.44 کی اوسط اور 91.11 کے اسٹرائیک ریٹ سے 2388 رنز بنائے ہیں۔ اس فارمیٹ میں ان کا سب سے بڑا ذاتی اسکور 70 رنز ناٹ آؤٹ ہے۔ بسمہ معروف کے نام ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 11 نصف سینچریاں درج ہیں۔

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کامن ویلتھ گیمزبرائے2022 میں سرخیوں میں تھیں۔ ویمن کرکٹ کو پہلی مرتبہ کامن ویلتھ گیمز میں شامل کیا گیا۔ ان گیمز میں پاکستان کی ویمن کرکٹ ٹیم نے بھی حصہ لیا ۔ تاہم کپتان بسمہ معروف کی چند ماہ کی بیٹی کو اسپورٹس ویلیج میں انٹری کا سرٹیفکیٹ نہیں دیا گیا۔ اس کے باوجود بسمہ نے برمنگھم میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کا فیصلہ کیا۔ تاہم بعد میں کامن ویلتھ گیمز نے بسمہ کی نومولود بیٹی کو منظوری دینے سے اتفاق کرلیا تھا۔

ورلڈ کپ کے دوران بھی بھارتی کھلاڑیوں کی بسمہ معروف کی بیٹی کے ساتھ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔ ان تصویروں کو کافی پذیرائی ملی تھی۔ 18 جولائی 1991 کو پیدا ہونے والی پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف ایک آل راؤنڈر کھلاڑی ہیں۔

 بسمہ بائیں ہاتھ کی بلے باز اور رائٹ آرم لیگ بریک گیند باز ہیں۔ بسمہ معروف کو اسی سال پاکستان کا چوتھا بڑا سول اعزاز تمغہ پاکستان سے نوازا گیا ہے۔  

 بسمہ معروف کا شمار پاکستان کی بہترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے اور ان کا شمار ان پاکستانی خواتین کرکٹرز میں ہوتا ہے جنہوں نے عالمی سطح پر اپنا نام بنایا ہے۔

بسمہ معروف جون 2022 میں پاکستانی خواتین کی کرکٹ ٹیم کے لئے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی دونوں فارمیٹس (ہر ایک میں 2000 سے زیادہ رنز) میں سب سے زیادہ رنز بنانے والی کھلاڑی بنی تھیں۔

 بسمہ معروف پاکستان کیلئے 200 سے زائد میچز کھیل چکی ہیں۔ وہ 2013 سے ٹیم کی کپتانی سنبھالے ہوئی ہیں۔ وہ پاکستان کے لئے ون ڈے میں 1000 رنز بنانے والی پہلی خاتون کرکٹر تھیں۔

 پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے کامن ویلتھ گیمز کے دوران اپنے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیریئر میں ایک اور کارنامہ انجام دیا تھا۔ وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 1000 رنز مکمل کرنے والی پہلی پاکستانی کپتان بن گئی تھیں۔

بسمہ معروف نے کامن ویلتھ گیمز 2022 میں بارباڈوس کے خلاف کھیلتے ہوئے یہ ریکارڈ بنایا تھا۔  بسمہ کا کرکٹ کیریئر ان کے والد کے خواب کو حقیقت بنانا ہے۔ بسمہ نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ میرے والد ہمیشہ سے چاہتے تھے کہ میں ایک پروفیشنل کرکٹر بنوں اور اس لئے میں نے اپنی صلاحیتوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا۔