news
English

ٹی20 سیریزسے قبل افغانستان کو زوردار جھٹکا، راشد خان ٹورنامنٹ سے باہر

افغان ٹیم چندی گڑھ پہنچ گئی، افغانستان 11 سے 17 جنوری کے درمیان تین ٹی 20 میچوں میں بھارت کا مقابلہ کرے گا۔

ٹی20 سیریزسے قبل افغانستان کو زوردار جھٹکا، راشد خان ٹورنامنٹ سے باہر

بھارت کے ساتھ ٹی 20 سیریز سے قبل افغانستان کو زوردار جھٹکا لگ گیا، اہم اسپنر راشد خان ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔ 
ٹیم افغناستان کے کپتان ابراہیم زادران نے بتایا کہ راشد خان بھارت کے خلاف ٹی 20 سیریز میں نہیں کھیل پائیں گے، انھوں نے کچھ وقت پہلے ہی کمر کے نچلے حصے کی سرجری کرائی ہے اور وہ گھر پر آرام کررہے ہیں۔  

زادران نے مزید کہا کہ "راشد کے بغیر، ہم گرائونڈ میں جدوجہد کریں گے کیونکہ اس کا تجربہ ہم سب کے لیے اہم ہے، لیکن یہ کرکٹ ہے اور آپ کو کسی بھی قسم کی صورتحال کے لیے تیار رہنے کی ضرورت ہے۔"
افغانستان کے معروف کھلاڑی 25 سالہ راشد خان کو آئی پی ایل کا سب سے کامیاب بولر سمجھاجاتاہے۔ 
بھارت اور افغانستان کے درمیان 3 ٹی 20 میچوں کی سیریز کل یعنی 11 جنوری سے شروع ہونے والی ہے۔ اس سے قبل افغان ٹیم کے لیے یہ بری خبر سامنے آئی ہے۔ افغناستان کے کپتان ابراہیم زادران نے بتایا کہ راشد خان ہندوستان کے خلاف ٹی 20 سیریز میں کوئی میچ نہیں کھیل پائیں گے۔ دراصل انھوں نے کچھ وقت پہلے ہی کمر کی سرجری کرائی تھی، اس کے باوجود ان کے کھیلنے کی امید تھی، کیونکہ افغان اسکواڈ میں ان کا نام شامل تھا، لیکن میچ سے ٹھیک ایک دن پہلے انہوں نے اعلان کردیا کہ انھیں پلیئنگ 11 کے لیے دستیاب ہونے میں کچھ وقت لگے گا۔ 
قابل ذکر امر یہ ہے کہ راشد خان افغان ٹیم کے ساتھ چنڈی گڑھ پہنچے ہوئے ہیں اور انھوں نے ٹریننگ سیشن میں بھی حصہ لیا تھا۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ وہ کھیلنے کے لیے تیاری کر رہے ہیں، لیکن اسپورٹس اسٹار کے مطابق کپتان زادران کا کہنا ہے کہ ’’وہ پوری طرح سے فٹ نہیں ہیں، لیکن ٹیم کے ساتھ وہ سفر کر رہے ہیں۔ امید کرتا ہوں کہ وہ جلد پوری طرح فٹ ہو جائیں گے۔ وہ ڈاکٹر کے ساتھ اپنا ری ہیب بھی کر رہے ہیں اور ہمیں سیریز میں ان کی کمی ضرور محسوس ہوگی۔‘‘
 
ابراہیم زادران نے امید ظاہر کی کہ وہ بھارتی ٹیم کو سخت مقابلہ دیں گے کیونکہ افغان ٹیم میں کئی ہونہار کھلاڑی موجود ہیں۔
افغان کپتان نے کہا کہ راشد کے علاوہ بھی ٹیم میں باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں جو ان کی کمی پوری کرنے کے لیے جان لگا دیں گے، راشد کے نہ کھیلنے کے باوجود کچھ ایسے کھلاڑی ٹیم کا حصہ ہیں جن پر ہم نے بھروسہ کیا ہے، میں اتنا کہہ سکتا ہوں کہ وہ اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔،،