news
English

پی ایس ایل9 کے آغاز سے قبل لاہور قلندرز کو بڑا دھچکا لگ گیا  

اہم غیر ملکی کرکٹر نے سرجری کے باعث لیگ میں شرکت کرنے سے انکار کردیا۔

پی ایس ایل9 کے آغاز سے قبل لاہور قلندرز کو بڑا دھچکا لگ گیا  

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے آغاز سے قبل لاہور قلندرز کو بڑا دھچکا لگ گیا۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان لیگ اسپنر راشد خان کی کمر کے نچلے حصے کی سرجری کے بعد ان کی آئندہ ماہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے، افغان ٹیم کے کپتان کا کہنا ہے کہ راشد خان بھارت میں ٹی 20 سیریز میں بھی شامل نہیں ہوئے تھے اور اب وہ پی ایس ایل میں بھی شرکت نہیں کرسکیں گے۔ 
افغان لیگ اسپنر نے باضابطہ طور پر اپنی عدم دستیابی کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور فرنچائز لاہور قلندرز کی انتظامیہ کو آگاہ کردیا ہے۔ فرنچائز کی ٹیم اب راشد خان کی جگہ کسی متبادل اسپنر کا انتخاب کرے گی۔ 
لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو عاطف رانا کا کہنا ہے کہ راشد خان سے محرومی کا افسوس ہے۔ وہ بہت بڑا نام اور میچ ونر ہے، ان کی کمی پوری کوئی نہیں کرسکتا تاہم کوشش کریں گے کہ ان کی جگہ کسی بہترین کھلاڑی کو اسکواڈ کا حصہ بنائیں۔ 
افغان ٹیم کے ہیڈکوچ جوناتھن ٹروٹ کا کہنا ہے کہ ٹیم انتظامیہ راشد خان کی انجری کو احتیاط سے سنبھالے گی جبکہ لیگ اسپنر اب بھارت میں شیڈول دیگر ٹی20 میچز کیلئے بھی ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔  
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا آغاز 17 فروری کو ہوگا جبکہ پہلا میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، ایونٹ کا فائنل 18 مارچ کو کراچی میں شیڈول ہے۔