news

بورڈ کرکٹرز کے ’’جائز مطالبے‘‘ پورے کرنے کو تیار

آئی سی سی سے ملنے والی رقم میں سے فوری طور پر حصہ دینا ممکن نہ ہو گا، بات چیت جاری رہے گی۔

بورڈ کرکٹرز کے ’’جائز مطالبے‘‘ پورے کرنے کو تیار

سینٹرل کنٹریکٹ کا مسئلہ حل کرنے میں بڑی پیش رفت سامنے آ گئی، بورڈ کرکٹرز کے ’’جائز مطالبے‘‘ پورے کرنے کو تیار ہوگیا۔ 
قومی کرکٹرز سینٹرل کنٹریکٹ میں مکمل تبدیلی چاہتے ہیں،اسی لیے اب تک دستخط پر آمادگی ظاہر نہیں کی،ان کی خواہش ہے کہ والدین سمیت فیملی ہیلتھ انشورنس، ایجوکیشن پالیسی، اسپانسر شپ معاہدوں اور آئی سی سی ریونیو سے شیئر بھی دیا جائے، لیگز کے لیے این اوسی کی بھی واضح پالیسی اپنانے پر زور دیا جا رہا ہے۔ 
اس حوالے سے گزشتہ دنوں پی سی بی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے سری لنکا میں بعض سینئر کرکٹرز سے ملاقات بھی کی مگر کوئی مثبت نتیجہ نہیں نکل سکا تھا۔ 
ذرائع نے بتایا کہ مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف جلداز جلد معاملے کو خوش اسلوبی کے ساتھ حل کرنا چاہتے ہیں، وہ سینئر کرکٹرز سے کنٹریکٹ کے حوالے سے ملاقات بھی کرنے پر تیار ہیں، البتہ سری لنکا سے ٹیسٹ سیریز کے بعد کپتان بابر اعظم اور چند دیگر کرکٹرز لنکا پریمیئر لیگ کے لیے وہیں رک جائیں گے، پھر ایشیا کپ آ جائے گا،اس لیے جلد کوئی میٹنگ ممکن نظر نہیں آتی،چیئرمین نے دیگر آفیشلز کو ہدایت کردی ہے کہ کھلاڑیوں کے جائز مطالبات کو ضرور پورا کیا جائے۔ 
ذرائع نے مزید بتایا کہ ماہانہ تنخواہوں اور میچ فیس میں اضافہ کر دیا جائے گا، انشورنس والا مطالبہ بھی قبول کیا جانا ممکن ہے، البتہ آئی سی سی سے ملنے والی رقم میں سے فوری طور پر حصہ دینا ممکن نہ ہو گا، اس پر بات چیت جاری رہے گی، بورڈ خود ورلڈکپ سے قبل کوئی تنازع نہیں چاہتا اور کوشش یہی ہے کہ کوئی ایسا درمیانی حل نکل آئے جو کرکٹرزکے لیے بھی قابلِ قبول ہو۔ 
دوسری جانب ویمن کرکٹرز بھی اپنے حق کے لیے آواز اٹھانے لگیں،گذشتہ دنوں کپتان ندا ڈار نے لاہور میں ذکا اشرف و دیگر بورڈ حکام سے ملاقات کی، ان کا مطالبہ ہے کہ طویل عرصے سے میچ فیس میں کوئی اضافہ نہیں ہوا،موجودہ مہنگائی کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے بڑھانا چاہیے۔
اسی طرح ڈیلی الاؤنس بھی بہت کم ہے، فائیو اسٹار ہوٹلز میں قیام کے دوران اتنی رقم سے 2 وقت کا کھانا نہیں مل پاتا،اسے بھی بڑھانا چاہیے، چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی نے کپتان کو یقین دلایا کہ ان کے جائز مطالبات کو پورا کیا جائے گا، پی سی بی مینز کی طرح ویمن کرکٹ کو بھی بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے۔ 
ذرائع کے مطابق ویمن کرکٹرز کی میچ فیس اور معاوضوں میں اضافے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، کچھ عرصے میں اعلان بھی کر دیا جائے گا۔ 

یاد رہے کہ گذشتہ دنوں آئی سی سی نے اپنے مینز اور ویمنز ایونٹس کی انعامی رقوم بھی یکساں کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔