برائن لارا نے انفرادی صلاحیتوں کی کثرت اور ایک مضبوط یونٹ کے طور پر کامیابی حاصل کرنے کے عزم کا حوالہ دیتے ہوئےویسٹ انڈیز کی کارکردگی کے بارے میں قوی امید کا اظہار کیا۔
ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری کرکٹر برائن لارا نے آئندہ ماہ سے شروع ہونے والے میگا ایونٹ ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کی سیمی فائنلسٹ ٹیموں کی پیش گوئی کردی۔ کہتے ہیں بھارت، ویسٹ انڈیز، انگلینڈ اور افغانستان کی ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرجائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری بلے باز برائن لارا نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک پہنچنے والی اور فائنل کھیلنے والی ٹیموں کے بارے میں پیش گوئی کردی۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا آغاز یکم جون سے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہورہا ہے جبکہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 9 جون کو مدمقابل آئیں گی۔
برائن لارا نے اپنی آئیڈیل ٹیموں میں بھارت کو تو شمال کیا تاہم انہوںنے پاکستان کو 4 سیمی فائنلسٹ ٹیموں میں شامل نہیں کیا، ان کا کہناتھا کہ بھارت، ویسٹ انڈیز، انگلینڈ اور افغانستان کی ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرجائیں گی۔
برائن لارا نے امید ظاہر کی کہ ویسٹ انڈیز کو اچھا پرفارم کرنا چاہیے، انہوں نے انفرادی صلاحیتوں کی کثرت اور ایک مضبوط یونٹ کے طور پر کامیابی حاصل کرنے کے عزم کا حوالہ دیتے ہوئے ویسٹ انڈیز کی کارکردگی کے بارے میں قوی امید کا اظہار کیا۔ برائن لارا کا کہنا تھا کہ ان کے پاس بہت سے ستارے ہیں جو انفرادی سطح پر بھی بہترین کھلاڑی ہیں اور جب وہ ایک ٹیم کے طور پر اکٹھے ہوتے ہیں تو وہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت، انگلینڈ اور افغانستان کی ٹیموں میں وہ صلاحیتیں ہیں جس سے وہ ٹاپ فور میں باآسانی جگہ بناسکتی ہیں۔ برائن لارا نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے فائنل میں بھارت اور ویسٹ انڈیز کو دیکھنا چاہتے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ ایسا ہی ہوگا۔
واضح رہے کہ سنسنی خیز ورلڈکپ 2024میں یکم جون سے چوکھوں چھکوں کی بھرمار شروع ہوگی اور اس پورے ایونٹ کے دوران ویسٹ انڈیز اور امریکا کے 9 مختلف مقامات پر 55 میچ کھیلے جائیں گے۔