news
English

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کےسربراہ مقرر

محسن نقوی نے پی سی بی میں نئی ذمہ داریاں ملنے کی تصدیق کردی ہے۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کےسربراہ مقرر

نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کا سربراہ مقرر کر دیا گیا۔  
ذرائع کے مطابق محسن نقوی کو ذکاء اشرف کی جگہ پی سی بی گورننگ بورڈ کے لیے بھی نامزد کر دیا گیا ہے۔ ذکاء اشرف کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے محسن نقوی کو پی سی بی کے پیٹرن انچیف وزیر اعظم پاکستان نے نامزد کیا۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتخابات دو ہفتوں میں کروانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ محسن نقوی کی تقرری کا نوٹیفکیشن آج جاری ہوسکتا ہے۔
 
نامزد مینجمنٹ کمیٹی سربراہ اور ممبر گورننگ بورڈ محسن نقوی نے ذمہ داریاں ملنے کی تصدیق کردی ہے۔ ان کا موقف ہے کہ وہ ملکی کرکٹ کو درست سمت میں لانے کی کوشش کریں گے۔ 
واضح رہے کہ 19 جنوری کو پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ذکا اشرف نے بطور چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی اور ممبر بورڈ آف گورنرز کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔