news
English

آسٹریلوی وکٹ کیپر بیٹسمین ایلکس کیری بھی بابراعظم کی شاندار بلے بازی سے متاثر

بابراعظم کی عمدہ بلے بازی نے مجھے بہت متاثر کیا، ایلکس کیری

آسٹریلوی وکٹ کیپر بیٹسمین ایلکس کیری بھی بابراعظم کی شاندار بلے بازی سے متاثر فوٹو: اے ایف پی

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سڈنی میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستانی کپتان بابر اعظم کی شاندار بلے بازی سے شائقینِ کرکٹ کے ساتھ ساتھ مخالف ٹیم کے کھلاڑی بھی خوب محظوظ ہوئے۔ بابر اعظم نے 38 گیندوں پر 59 رنز کی بہترین اننگز کھیلی۔ جس میں انہوں نے 5 چوکے اور 2 چھکے بھی لگائے۔ 

آسٹریلوی ٹیم کے نائب کپتان اور وکٹ کیپر بیٹسمین ایلکس کیری نے سڈنی میں میچ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم کی عمدہ بلے بازی نے مجھے بہت متاثر کیا، ایلکس کیری کا کہنا تھا کہ ہم انہیں بہت پہلے آئوٹ کرنا چاہتے تھے مگر ان کی عمدہ کارکردگی نے بتایا کہ بابر اعظم بلا وجہ ٹی 20 فارمیٹ میں نمبر ون پلیئر نہیں ہیں۔ آسٹریلوی نائب کپتان نے اپنی ٹیم کے بالنگ اٹیک کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ سیریز کے آئندہ میچوں میں ہمارے بالر جلد ہی بابر اعظم کو قابو کرلیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے پاس مچل اسٹارک اور کین رچرڈسن جیسے شاندار بالر موجود ہیں جو کسی بھی بلے باز کو پویلین کی راہ دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ کیری ایلکس کا کہنا تھا کہ سڈنی کے مقابلے میں کینبرا اور پرتھ کی وکٹ مختلف ہے جہاں کھیل کا پانسہ پلٹ سکتا ہے۔ ہم آنے والے دونوں میچز کے لیے بہت ایکسائیٹڈ ہیں ہمیں اپنی مخالف ٹیم کے کسی ایک پلیئر کے لیے پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔ آسٹریلوی نائب کپتان کا کہنا تھا انہیں خوشی ہے کہ مچل اسٹارک ان کی ٹیم میں شامل ہیں جنہوں نے نئی گیند کے ساتھ اچھی بالنگ کی بعد میں اسپنرز نے گیند سنبھالی اور آخر میں کین رچرڈسن نے نئی گیند کے ساتھ اچھی کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم ایک متوازن ٹیم ہے جس میں ہر کھلاڑی کا کردار واضح ہے اور مجھے خوشی ہے کہ ہر کھلاڑی نے اپنی جگہ پر اچھے سے اپنا کردار نبھایا۔ ٹیم میں شامل سبھی کھلاڑی آئندہ ہونے والے میچز میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پُراعتماد ہیں۔ سڈنی میں بارش کے باعث پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا گیا پہلا ٹی 20 میچ نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکا جس کے بعد سیریز کو کینبرا اور پرتھ منتقل کردیا گیا ہے جہاں سیریز کا دوسرا اور تیسرا میچ کھیلا جائے گا