news
English

قومی کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ دینے کے حوالے سے پی سی بی اجلاس کل ہوگا

4 سے 5معروف کرکٹرز کو کنٹریکٹ کی فہرست سے ڈراپ کیاجاسکتا ہے

قومی کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ دینے کے حوالے سے پی سی بی اجلاس کل ہوگا PHOTO: AFP

قومی کرکٹرز کو سال  2019-20کے لیے سالانہ سینٹرل کنٹریکٹ دینے کے حوالے سے پی سی بی کے بڑے جمعرات کو سر جوڑ کر بیٹھیں گے ،ذرائع کے مطابق شعیب ملک اور محمد حفیظ سمیت  4 سے 5معروف کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست سے ڈراپ کیاجاسکتا ہے تاہم حتمی فیصلہ شرکا اجلاس میں کریں گے۔

ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کی تنخواہوں اور میچ فیس میں 20 فیصد اضافہ کرنے پر اتفاق  ہوچکا ہے، صرف  ٹیسٹ ٹیم میں ملک کی نمائندگی کرنے والوں کی میچ فیس میں زیادہ اضافے پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔

ایم ڈی وسیم خان کی سرابرہی میں مدثر نذر، ہارون رشید اور ذاکر خان کے ساتھ ہیڈ کوچ مکی آرتھر بھی مجوزہ کھلاڑیوں کی فہرست پر مشاورت کریں گے۔ آرتھر کا پی سی بی سے معاہدہ 15 اگست تک ہے جس میں اب مزید توسیع  کیےجانے کا قوی امکان ہے۔ سال 2018 اور 19 کے لیے 33 کھلاڑی اے، بی، سی، ڈی اور ای کیٹگری میں ماہانہ تنخواہ لیتے رہے ہیں۔ گزشتہ برس تنخواہ پانے والے بہت ایسے کھلاڑی بھی تھے جو ٹیم کی بہت کم نمائندگی کر پائے یا بالکل ہی نہیں کھیلے۔

پی سی بی  نے اب اس تعداد کو کم کرکے 15 سے 20 کے درمیان محدود کرنے کا فیصلہ کیاہے، اجلاس میں اس بات کا تعین بھی کیا جائے گا کہ کتنے اور کن کھلاڑیوں کو اس لسٹ میں شامل کیاجائے۔

ذرائع کے مطابق تینوں یا پھر 3 فارمیٹ میں قومی ٹیم کا مستقل حصہ بننے والوں کو ترجیح دی جائے گی، جو لڑکے فہرست میں جگہ نہیں پاسکیں گے وہ مجوزہ ڈومیسٹک کرکٹ میں صوبائی ٹیموں کی جانب سے کنٹریکٹ پانے کے اہل ہوں گے۔ نئی سلیکشن کمیٹی تشکیل دیے جانے پر سلیکٹرز کی سفارش پر اس فہرست میں 2 سے 3 مزید کھلاڑیوں کو جگہ دی جاسکے گی۔

اجلاس میں مشاورت کے لیے جس فہرست کو تیار کیا گیاہے اس میں بابر اعظم، سرفراز احمد، اظہرعلی، محمد حفیظ، فہیم اشرف، اسد شفیق، حسن علی، محمد عامر، فخر زمان، شاداب خان، محمد عباس، حارث سہیل، وہاب ریاض، جنید خان، امام الحق، عثمان خان شنواری، شان مسعود، عماد وسیم، آصف علی، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی ہیں۔ مشاورت کے بعد اس فہرست کو مزید کم کرکے انہیں مختلف کیٹگریز میں تقسیم کرکے فہرست کو فائنل کیےجانے کا امکان ہے۔