news
English

قومی کرکٹرز کوبھارت میں سینٹرل کنٹریکٹس موصول   

ڈی کیٹیگری میں شامل بعض کھلاڑیوں کے معاہدوں پر تحفظات برقرار ہیں۔

قومی کرکٹرز کوبھارت میں سینٹرل کنٹریکٹس موصول   

آئی سی سی ورلڈ کپ کے لیے بھارت میں موجود قومی کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ موصول ہوگئے، کھلاڑی مشاورت کے بعد دستخط کریں گے جب کہ پی سی بی جلد بقایاجات ادا کر دے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ پر رواں برس کھلاڑیوں اور بورڈ کے درمیان سنگین اختلافات سامنے آئے تھے، طویل عرصے تک ہونے والے مذاکرات کے بعد تین ماہ کی تاخیر سے 27 ستمبر کو نئے معاہدوں کا اعلان ہوا، اس کا اطلاق یکم جولائی سے ہونا تھا، گزشتہ دنوں یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ کرکٹرز کو کئی ماہ سے معاوضوں کی ادائیگی ہی نہیں ہوئی۔ 

نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ کی تحقیق کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط نہ ہونا اس کی بنیادی وجہ بنا، ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی نے کرکٹرز کو معاہدوں کی کاپی فراہم کر دی ہے، وہ مشاورت کے بعد دستخط کریں گے، دستاویز واپس ملنے پر 4ماہ کے واجبات جلد ادا کر دیے جائیں گے، رقوم براہ راست پلیئرز کے اکاؤنٹس میں منتقل کی جائیں گی۔
اس سے پہلے پچھلے معاہدے کے تحت ادائیگی کا آپشن بھی زیرغور آیا تھا، دستخط کے بعد بقیہ رقم دی جاتی، یاد رہے کہ پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ گذشتہ کئی دنوں سے رخصت پر ہیں، وہ اہل خانہ سے ملاقات کے لیے برطانیہ گئے ہوئے ہیں اور6 نومبر کو ان کی واپسی متوقع ہے،اس لیے معاہدوں پر دستخط کا کام کسی اور آفیشل کو سونپا گیا ہے۔ 
دوسری جانب ڈی کیٹیگری میں شامل بعض کھلاڑیوں کے تحفظات برقرار ہیں،انھیں لگتا ہے کہ بابر اعظم و دیگر نے اپنے لیے مراعات حاصل کر لیں اور ان کو تنہا چھوڑ دیا۔ 
واضح رہے کہ پی سی بی نے سینٹرل کنٹریکٹ پانے والے کرکٹرز کے لیے سالانہ بجٹ میں تقریبا75 کروڑ روپے مختص کیے ہیں، چاروں کیٹیگریز کو اب ماہانہ بالترتیب 60 لاکھ 30 ہزار، 41 لاکھ 47 ہزار 500، 17 لاکھ65 ہزار اور 11 لاکھ 32 ہزار500 روپے دیے جائیں گے۔