لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین (پی سی بی) رمیز راجا نے سابق آئی سی سی ٹیسٹ امپائر اسد روف کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ اسد روف کے دنیا سے چلے جانے کا سن کر افسوس ہوا، وہ نہ صرف بہترین امپائر تھے بلکہ ان کی حس مزاح بھی کمال کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ سابق امپائر کے چہرے پر ہمیشہ مسکراہٹ پائی، ان کا جب بھی ذکر ہوگا ہمیشہ وہ مسکراتے ہوئے چہرے کے ساتھ یاد آئیں گے۔ اسد روف کے انتقال پر ان کے اہل خانہ کے ساتھ بہت ہمدردی ہے۔
چیئرمین پی سی بی کے علاوہ سابق کرکٹرز نے بھی سابق فرسٹ کلاس کرکٹر اور آئی سی سی امپائر انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیا۔
امپائر اسد روف کہ نماز جنازہ آج جمعرات بعد از نماز ظہر شادباغ گول گروانڈ میں ادا کی جائے گی جبکہ انہیں میانی صاحب قبرستان میں سپر خاک کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اسد رؤف نے 64 ٹیسٹ، 139 ون ڈے اور 28 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کی۔ اسد رؤف آئی سی سی کے ٹاپ امپائرز میں بھی شامل رہے جبکہ انہوں نے 11 ویمن ٹی 20 انٹرنیشنل میچز بھی سپروائز کئے۔